جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنائت علی نے کئی افسروں کے ہمراہ نئے اسمبلی کمپلیکس پر جاری کام کی رفتار کا جائیزہ لیا۔چیئرمین نے پروجیکٹ کی عمل آوری ایجنسی جے کے پی سی سی کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے کام میں تیزی لاکر اسے مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کریں۔ پروجیکٹ میں چند تبدیلیوں کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ معیاری مواد کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ رقومات کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔چیئرمین نے خزانہ اور پارلیمانی امور محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس مقصد کے لئے رقومات فوری واگذار کریں تا کہ مقررہ مدت کے اندر پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کمپلیکس میں کونسل ہال پر جاری تعمیری کام کا بھی جائیزہ لیا اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ ہال کی تعمیر میں چند تبدیلیاں عمل میں لائیں۔چیئرمین موصوف کو بتایا گیا کہ کمپلیکس252484 مربع فٹ اراضی پر تعمیر کی جارہا ہے جو چھ منزلوں پر مشتمل ہوگا ۔ کمپلیکس میں پارکنگ کی سہولیات، ڈسپنسری، کینٹین، وزیر اعلیٰ کے لئے آفس چیمبر، پریس گیلری، لائبریری، اسمبلی ہال، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے چیمبر، قانون اور خزانہ وزراء کے لئے چیمبر، حزب اختلاف لیڈر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے چیمبر بھی ہوں گے۔چیئرمین کونسل کے ہمراہ قانون ساز کونسل کے ممبر چرنج جیت سنگھ خالصہ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ایم راجو، ڈائریکٹر اسٹیٹس طارق حُسین گنائی، سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل اشفاق احمد وانی، ایڈیشنل سیکرٹری قانون انصاف اور پی اے ، ایم کے پنڈتا و کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔