جموں// ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ راج بھون جموں میں متعدد سیاسی و انتظامی شخصیات نے ملاقات کی ۔ملاقات کیلئے آئی شخصیات اور وفود میں بھاجپا،لداخ ہل ڈیولپمنٹ کونسل ،ڈائریکٹر سینک ویلفیئرزاورسٹیٹ چیف کمشنر بھارت سکاوٹس اینڈ گائیڈز شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک وفد یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد میں پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ، جنرل سیکرٹری اشوک کول اور سابق وزیر سُنیل شرما بھی شامل تھے۔وفد نے ریاست کی مجموعی سلامتی صورتحال اور ترقیاتی منظر نامے سے جڑے امور پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس دوران لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کاایک وفد سی ای سی جمیانگ سرینگ نمگیال کی قیادت میں یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد نے لداخ کو ایک مرکزی نظام والا علاقے کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے لداخ کے راستے سے کیلاش مانسرور روٹ کو کھولنے، بودھی زبان کو ملک کے آئین کے8 ویں شیڈول میں شامل کرنے، لداخ خطہ کے لئے ہوائی کرایوں میں معقولیت لانے، مختلف محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے اور کئی دیگر معاملات گورنر کی نوٹس میں لائے۔ادھربرگیڈئیر( ریٹائرڈ) ہرچرن سنگھ ڈائریکٹر سینک ویلفئیر جموں نے آج یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو اس وقت کام کر رہے فوجی اہلکاروں اور جموں وکشمیر کے سابقہ فوجیوں کی بہبودی کے لئے عملائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے موجودہ اور سابق فوجی اہلکاروں اور ان کے کنبوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دریں اثناء آئی ڈی سونی سٹیٹ چیف کمشنر اورایم ایم جوشی کمشنر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز جے اینڈ کے نے آج یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک جو جے اینڈ کے بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے سرپرست بھی ہیں،کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست میں سکاؤٹس اینڈ گائیڈز تحریک کو مستحکم کرنے کے لئے عملائے جارہے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے اس موقعہ پر کئی معاملات بھی گورنر کے سامنے رکھے جن میںاضافی رقومات کی دستیابی اور ٹریننگ سینٹر قائم کرنا بھی شامل ہے۔گورنر نے بچوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے غیر رسمی تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست میں بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی تحریک کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔