جموں// جموں وکشمیر میں پنچایتی انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت منگل کے روز صوبہ جموں کے چھ اضلاع میں ووٹ ڈالے گئے ۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کے بیچ منگل کی صبح آٹھ بجے سے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہو ا جودوپہر 2 دو بجے تک جاری رہا ۔پنچایتی انتخابات کے ساتویں مرحلے میں بھی صوبہ جموں کے رائے دہندگان میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ۔پولنگ مراکز پر شدت کی سردی کے باوجود رائے دہند گان لمبی لمبی قطاریں لگا کر اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے ۔ضلع جموں کے سرحدی علاقہ آر ایس پورہ کی ایک خاتون نیشادیوی نے فلور پنچایت گھر میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد بتایا کہ’ میں نے گائوں کی تعمیر ترقی کے لئے ووٹ ڈالا ہے ،ہم ایک ایماندار نمائندے کو منتخب کرنا چاہتے ہیں جو گا ئوں کی ترقی کے لئے جدوجہد کرے اور مقامی عوام کی آواز بلند کرے ‘۔بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی انتخابات کے ساتویں مرحلے میں جموں صوبہ کے لئے 2138 پولنگ مراکز بنائے گئے تھے۔ ان میں سے 464 پولنگ مراکز کو انتہائی حسا س زمرے میں رکھا گیا تھا ۔صوبہ جموں کے جن بلاکو ں میںمنگل کو ووٹ ڈالے گئے، ان میں ضلع رام بن کا دُھندراٹھ ۔سی ،ضلع ریاسی کا مہور ،گلاب گڑھ ،اور چسانہ ،ضلع سانبہ کا سانبہ ، نڈاور سمب ،ضلع جموں کا سچیت گڑھ ،بشناہ اور ارنیہ،ضلع راجوری کا بدھل ،راج نگر اورخواس،ضلع پونچھ کا مینڈھر بلاک شامل ہیں ۔ یو این آئی