جموں//شہرکے وسط میں واقع متعددمقامات پر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیںجو زبان حال سے جموں میونسپل کارپوریشن کی ناقص کارکردگی پر نوحہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ پریشان حال لوگ ایک طرف جموں میونسپل جبکہ دوسری طرف ضلع انتظامیہ کوکوسنے پرمجبورہیں اورجے ایم سی جیسے اہم ادارے کی کارکردگی پرکئی سوالات کھڑے کررہے ہیں۔جموں شہر کے بیچوں بیچ سوامی ووےکانند سے جموں پریس کلب کے درمیان سڑک پر کچرے کے ڈھیروں سے آنے والی عفونت ہر گزرنے والے کو ناک ڈھانپنے کےلئے مجبور کر دیتی ہے ۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے چند ایک راہگیروں نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ اور جموں میونسپل کارپوریشن نے صفائی ستھرائی کو نظر انداز ہی کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے پاس صفائی کرمچاریوں کی ایک پوری فوج موجود ہے جس کے ذمہ پورے شہرکی صفائی ہے لیکن یوں لگتا ہے کہ ان کرمچاریوں کی خدمات صرف وی آئی پی لوگوں کے گھروں کے آس پاس یا دیگر پاش کالونیوں کی صفائی تک محدود کر دی گئی ہیں جس کے نتیجہ میں شہر کی عام سڑکوں پر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔