جموں //ریاست اتر پردیش کے آگرہ علا قہ میں دلت لڑکی کو زندہ جلانے کے معاملہ کو لے کر آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس س ایس ٹی اور اوبی سی کے بینر تلے بی آر امبیڈکر چوک اور گاندھی نگر علا قوں میں احتجاج کیا گیا ۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے سکول سے گھر واپس جارہی لڑکی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے معاملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مانگ کی کہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اور قاتلوں کو جلداز جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس س ایس ٹی اور اوبی سی کے صدر آر کے کلسوترہ نے کہاکہ واقعہ میں ملوث دونوں مجرموں کو جلداز جلد گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے ایک طرف کو ششیں کی جارہی ہیں وہیں دوسری جانب اس طبقہ کیساتھ ناانصافیاں بھی کی جارہی ہیں ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ لڑکی کے لواحقین کو 1کروڑ روپے بطور معاوضہ دینے کے علا وہ ان کو انصاف بھی فراہم کیا جائے ۔اس موقعہ پر درشن بنموترہ ،بنسی لعل چوہدری ،اشونی کمار ،ست پال موہن پور ،راج کمار ودیگران بھی موجود تھے ۔