جموں //نیشنل کا نفرنس کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس وہ واحدجماعت ہے جو ریاست میں امن و امان کی بحالی اور ترقی کو یقینی بناسکتی ہے جبکہ دیگر سیاسی پارٹیوں نے عوام کو اپنے سیاسی مفاد کیلئے ہی استعمال کیا ہے ۔اسمبلی حلقہ وجے پور کے رام گڑھ علا قہ میں پارٹی کارکنوں کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیشنل کا نفرنس ریاستی عوام اور آپسی بھائی چارے کوزک پہنچانے والی طاقتوں کے سامنے کھڑی ہے ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے عوامی امنگوں کے خلاف کام کئے جس کی وجہ سے اس وقت عوام تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت ریاست کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں بھاجپا پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے اور پارٹی اپنی عوام کش پالیسیوں کی وجہ سے پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اسے اسے شکست کاسامناکرناپڑا ۔انہوں نے بھاجپا لیڈران پر الزام عائد کرتے ہو ئے کہاکہ پارٹی نے جموں کے لوگوں سے تعمیرو ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کا نفرنس کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے ایک مہم شروع کی جائے ۔اس موقعہ پر سرپنچ جسبیر سنگھ ،بھارت بھوشن ،تارا سنگھ ،گنیش شرما ،درشن کمار ودیگران بھی موجود تھے