سیٹو کایک روزہ کنونشن
نیولبرل پالیسیوں و جی ایس ٹی نے ورکنگ کلاس کو سخت متاثر کیا:تاریگامی
ہیرانگر//سیٹو کی طرف سے کٹھوعہ کے ہیرانگر علاقے میں ایک روزہ کنونشن منعقد کیاگیا جس کی صدارت تنظیم کے ریاستی جنرل سیکریٹری راج کمار نے کی ۔ اس کنونشن کے دوران ورکنگ کلاس کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سیٹو کے ریاستی صدر محمد یوسف تاریگامی نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ورکنگ کلاس کے خلاف پالیسیاں اپنائی جارہی ہیں اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نیو لبرل اکنامک پالیسیوں پر عمل پیراہے ۔ انہوں نے محنت کشوں پر زور دیاکہ وہ متحد ہوکر جدوجہد کریں اور مرکز کی پالیسیوں کے خلاف لڑیں ۔انہوں نے کہاکہ ان پالیسیوں سے ریاست جموں وکشمیر بھی متاثر ہوئی ہے۔تاریگامی نے کہاکہ نیو لبرل پالیسیوں اور جی ایس ٹی کے نفاذ نے ورکنگ کلاس پر برے اثرات مرتب کئے ہیں اور بھاجپا کے یہ فیصلے ایک عام آدمی کیلئے نقصاندہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بھاجپا حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی اور اس کے بعد ریاست میں نافذ ہوئے گورنر راج کے دوران بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو غیر یقینی سیاسی صورتحال کاسامناہے اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ یہ غیر یقینی کئی مسائل کا موجب بن سکتی ہے۔کنسٹرکشن ورکر ز فیڈریشن آف انڈیا کے صڈر سکھبیر سنگھ نے کہاکہ ورکنگ کلاس کو سوشل سیکورٹی جیسے پنشن ، پراویڈنٹ فنڈ، ہیلتھ انشورنس وغیرہ کے فوائد طویل جدوجہد کے بعد ملے ہیںاور لیبر قوانین کے اطلاق کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کم سے کم اجرت ایکٹ پر عمل کیاجائے جس کے تحت ماہانہ اٹھارہ ہزار سے کم اجرت نہیں دی جاسکتی ۔سیٹوجنرل سیکریٹری اوم پرکاش نے کہاکہ آشاورکر، آنگن واڑی ورکرز و ہیلپرز، سی پی ڈبیلوز، مڈ ڈے میل ورکرز، نریگا ملازمین ، کنٹریکچول ملازمین، کنسٹرکشن ورکر، نیڈ بیس، سیزنل ، کیجول ورکر ، ڈیلی ویجر ودیگر عارضی ملازمین کئی عرصہ سے مطالبات کیلئے لڑ رہے ہیں لیکن ان کی مانگیں پوری نہیں ہورہی ۔انہوں نے کہاکہ انہیں قلیل سی اجرت بھی وقت پر نہیں دی جارہی ۔انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے کسان بھی پریشان حال ہیں ۔اس دوران متعدد قراردادیں بھی پاس کی گئیں جن میں لیبر قوانین کا نفاذ، کم سے کم اجرت ایکٹ ، ورکروں کی رجسٹریشن اور ورکنگ کلاس کے مسائل کے ازالے کا مطالبہ کیاگیا۔جنرل سیکریٹری بھون نرمان کامگار یونین راج کمار نے کہاکہ بھاجپا کی قیادت والی حکومت کی پالیسیاں مزدور مخالف رہی ہیں اور ان سے کارپوریٹ اداروں کو فائدہ دیاگیاہے ۔سینئر سیٹو لیڈر جگدیش کمار نے کہاکہ ریاست میں لیبر قوانین کے نفاذ کی ضرورت ہے اوربیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اس موقعہ پررمیش کمار، جئے لال ، مظفر وانی ، ہری سنگھ، سیوارام و دیگران بھی موجو دتھے ۔
بچوں کے حقوق و تحفظ پر ورکشاپ
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جموں وکشمیر کی طرف سے بچوں کے حقوق اور تحفظ پر توی کانفرنس ہال اور پیر پنچال کانفرنس ہال میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ اس ورکشاپ میں دس گائوں سے 120سے زائد بچوں نے شرکت کی ۔اس ورکشاپ میں سلیکشن کم اور سائٹ کمیٹی کے چیئر پرسن جسٹس حسنین مسعودی ،نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے بانی راجیو کھجوریہ ودیگراراکین نے بھی شرکت کی ۔اس ورکشاپ کے دوران چلڈرن گروپ کے اراکین کو بچوں کے حقوق ،بچوں کے تحفظ ،جموں وکشمیر جوینائل جسٹس ایکٹ 2013،چائلڈ لیبر ،بچوں کا جنسی استحصال اور بچوں سے متعلق جرائم اور قوانین سے متعلق بیداری کیا گیا ۔اس موقعہ پر جسٹس حسنین مسعودی نے بچوں کے حقوق اور تحفظ پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے بچوں کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی ۔انہوں نے جرائم پیش افراد کے مختلف ہتھکنڈوں اور چالوں کے بارے میں بھی بچوں کو بیدار کیا ۔
گوجر ی زبان کو کالجوں و یونیورسٹیوں میں متعارف کر نے کی مانگ
جموں //قبائلی طبقہ کی جانب سے مانگ کی گئی ہے کہ گوجری زبان کو ریاست کے تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں متعارف کیا جائے ۔ ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فائونڈیشن کے بینر تلے منعقدہ ایک پروگرام میں اراکین نے ریاستی حکومت سے مانگ کر تے ہوئے کہاکہ ریاست جموں و کشمیرمیں گوجری زبان کوانڈر گریجوکیشن اور پوسٹ گریجوکیشن سطح پر معاروف کیا جائے تاکہ اس شعبہ میں طلباء مزید تحقیق کرسکیں ۔گوجری زبان اور ثقافت کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کر نے کیلئے ڈاکٹر جاوید راہی کی قیادت میں منعقدہ مذکورہ پروگرام میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے مقامی زبانوں بالخصوص ڈوگری اور کشمیر کو ریاستی یونیورسٹیوں میں متعارف کروانے کے فیصلے کے بعد قبائلی طبقہ نے گوجری زبان کو بھی تعلیمی اداروں میں لاگو کرنے کی مانگ کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر جاوید راہی نے کہا کہ گوجر ی زبان ریاست کی ابھرتی ہوئی زبان ہے او ر اس زبان میں ایک ہزار سے زائد کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ زبان کو جموں یونیورسٹی کے علا وہ دیگر تعلیمی اداروں میں متعارف کیا جائے اورجموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس میں گوجری ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے تاکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیق بھی کی جاسکے ۔اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ شعبہ میں پروفیسروں اور اسٹنٹ پروفیسروں کی نشستیں پُر کرنے کے علا وہ کشمیر یونیورسٹی ،بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں مذکورہ شعبہ کے پی جی کورسز بھی شروع کئے جائیں۔اس پروگرام میں چوہدری اشتیاق احمد ،خالد چوہدری ،محمود احمد ،شفیق چوہدری ،مدثر چوہدری ودیگران بھی موجود تھے ۔
مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کادعویٰ
۔7مویشی باز یاب ،ٹرک ضبط ،معاملہ درج
سانبہ //سانبہ پولیس نے مویشی اسمگلنگ کی ایک کوشش ناکا م بنانے کادعویٰ کرتے ہوئے 7مویشیوں کو بازیاب کروالیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او گگوال کی قیادت میں پولیس کی طرف سے راجپورہ میں ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر JK08B-9588کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران غیر قانونی طورپر اسمگل کئے جارہے 7مویشیوں کو باز یاب کروالیا گیا ۔پولیس نے مذکورہ ٹرک کو ضبط کرتے ہوئے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 166/2018درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز بھی پولیس نے مویشی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 10مویشیوں کو بازیاب کروالیا تھا جبکہ اس سلسلہ میں ملوث 4گاڑیوں کو بھی ضبط کر لیا گیا تھا ۔
شراب کی 96بوتلوں کیساتھ 2افراد گرفتار
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //سانبہ پولیس نے ایک کاروائی کے دوران شراب کی 96بوتلیں ضبط کر تے ہوئے 2افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ سپوال کی طرف سے ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر PB35Q-5662کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے اندر سے شراب کی 250ملی لیٹر والی 72جبکہ 750ملی لیٹر والی 24 بوتلیں برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرکے دو افرادکو گرفتا رکرلیاگیا جن کی شناخت ہرجندر سنگھ ولد کشمیر سنگھ اور اجے پنڈت ولد موہن لعل پنڈت کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آرزیر نمبر 329/2018 درج کرکے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کا وفد گورنر سے ملاقی
ریاست میں صنعتی پالیسی کی توسیع دینے پر اظہار تشکر
جموں//فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے چیئرمین للت مہاجن کی سربراہی میں ایک وفد نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں صنعتی سیکٹر کو مزید بڑ ھاوا دینے کے لئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی پیکج ریاست کو دی گئی مراعات چھوٹی اور بہت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے دُور درس تنائج کی حامل ثابت ہوں گی اوراس کے علاوہ مقامی بے روز گار نوجوانوں کو روز گارکے مواقعے بھی فراہم ہوں گے۔وفد نے صنعتی مراعات ریاست میں توسیع دینے کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے ممبران نے صنعتوں سے جڑے کئی اہم معاملات پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جن میں ایل او سی ٹریڈ بھی شامل ہے۔گورنر نے وفد کی جانب سے اُبھارے گئے معاملات غور سے سُننے کے بعد پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت کو ہدایت دی کہ وہ صنعتوں سے جڑے معاملات کو جلد از جلد حل کرانے کے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں صنعتی شعبۂ کو فروغ دینے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا کے علاوہ دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں۔
کے سی سی آئی کا وفد گورنرسے ملاقی
جموں// کشمیر چیمبر آف کامرس آف انڈسٹریزکے صدرشیخ عاشق احمد کی سربراہی میں ایک وفد نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست کو صنعتی مراعات دینے کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔وفد نے صنعتی سیکٹر کو فروغ دینے سے متعلق کئی دیگر معاملات پر بھی گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے کہا کہ ریاست کے حق میں حال ہی میں اعلان کی گئی صنعتی پالیسی مقامی کارخانہ داروں کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔اس موقعہ پر صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا بھی موجود تھے۔
وکلاء اور پیرا لیگل رضا کاروں کیلئے اورنٹیشن پروگرام
جموں//جے اینڈ کے سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے وکلاء، پینل وکلاء اور پیرا لیگل رضا کاروں کے لئے ایک روزہ ارونٹیشن پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے انعقاد میں سٹیٹ جوڈیشل اکاڈمی اور اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی جموں نے اشتراک دیا تھا۔پروگرام کا افتتاح ریاستی ہائی کورٹ کے جج جسٹس تاشی ربستن نے کیا اورپروگرام میں جموں، کٹھوعہ، سانبہ، اودہمپور، راجوری اور جموں صوبہ کے دیگر علاقوں سے آئے وکلاء اور پیرا لیگل رضا کاروں نے شرکت کی۔اپنے افتتاحی خطاب میں جسٹس تاشی ربستن نے نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور جے اینڈ کے سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے تربیت دی گئی کئی سکیموں کا خلاصہ کیا۔انہوں نے وکلاء سے تلقین کی کہ وہ سماج کے پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے فراد کو اُن کے قانونی حقوق کی جانکاری فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد وکلاء اور پیرا لیگل رضا کاروں کو اس بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے تا کہ وہ لیگل سروسز اتھارٹی ایکٹ کے قواعدکے مطابق مستحقین کے مسائل حل کرسکیں۔سپیشل سیکرٹری دہلی لیگل سروسز اتھارٹی گیتانجلی گوئل،ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی دہلی سے وابستہ تنوی کھرانہ، ماسٹر ٹرینرز ایڈوکیٹ جیوتی شرما/ ایڈوکیٹ افیرا رشید، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جموں ونود چیٹرجی کول، چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی جموں محمد اکرم چوہدری نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام میں رجسٹرار ویجی لینس آر کے واتل اور رجسٹرار رولز ہائی کورٹ بالا جیوتی، ڈائریکٹر سٹیٹ جوڈیشل اکاڈمی راجیو گپتا اور سیکرٹری ڈی ایل ایس اے جموں نوشاد احمد خان نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر حکام نے کہا کہ جموں، اودہمپور، کٹھوعہ، سانبہ اور راجوری سے تعلق رکھنے والے65 وکلاء اور 169 پیرا لیگل رضا کاروں نے پروگرام میں شرکت کی جنہیں نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور جے اینڈ کے سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
خورشید گنائی نے جموں میں عوامی دربار کا انعقاد کیا
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے گورنر گریوینس سیل کے تحت کئی عوامی وفود اور افراد کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔عوامی دربار کے دوران جموں صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے20 وفود اور درجنوں افراد نے مشیر موصوف کی نوٹس میں اپنے مسائل لائے اور انہیں حل کرنے میں ان کی مداخلت طلب کی۔جن وفود نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی اُن میں ڈیولپمنٹ کمیٹی لاٹی اودہمپور،مالان اور دیسہ ڈوڈہ کے وفود، پنجگرائیں نگروٹہ کا وفد، جنرل لائین ٹیچرز فورم کا وفد، سورن ویہار بن تالاب کا وفد، جے کے پرنٹ میڈیا ویلفیئر ایسوسی ایشن،آل جے اینڈ کے یوتھ فیڈریشن کے نمائندے، گُول، ارناس، رام بن کا وفد،جموں وکشمیر کالج اکیڈیمک ارینجمنٹ لیکچرارز ایسوسی ایشن کا وفد بھی شامل تھا۔اس موقعہ پر کئی دیگر وفود نے بھی اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔خورشید احمد گنائی نے وفود کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات کو جلد از جلد حل کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔مشیر موصوف نے کئی معاملات موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ فیلڈ کا متواتر دورہ کر کے اس بات کو یقینی بنائیں کہ فلاحی پروگرام اور سکیمیں موثر طور پر عملائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جانا چاہئے۔
کشمیری شاعرفاضل کشمیری کی حیات وخدمات پر2روزہ سیمینار
زبان وادب کی ترقی کیلئے سائنسی تکنیکوں کوبروئے کارلاناناگزیر:حاجنی
جموں//نیشنل اکادمی آف لیٹرس اورساہتیہ اکادمی نئی دہلی کے اشتراک سے کے ایل سہگل ہال جموں میں نامورکشمیری شاعراورادیب فاضل کشمیری کی صدسالہ تقریب کے سلسلہ میں دوروزہ سیمینار کاانعقاد کیاگیا جس میں ملک کے مختلف حصوں کے ادبا وشعراکی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ سیمینارکاافتتاح کرتے ہوئے کنوینرکشمیری ایڈوائزری بورڈساہتیہ اکادمی نئی دہلی ڈاکٹرعزیزحاجنی نے کہاکہ کشمیری زبان کی بقااورمادی زبان کی ترویج کویقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے قدآورکشمیری شعراء اورادباء کوخراج عقیدت پیش کریں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دورمیں سائنسی تکنیکوں کوبروئے کارلاکرنہ صرف بہ آسانی زبان وادب کی فلاح کیلئے کام کرسکتے ہیں بلکہ روشن ماضی کوبھی تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔ سیمینارکے افتتاحی اجلاس کی صدارت نامورشاعراورادیب بشیربھدرواہی نے کی جبکہ کلیدی خطبہ پروفیسرفاروق فیاض نے پیش کیااورشکریہ کی تحریک پیش کرنے کافریضہ ایم ایل پنڈتانے انجام دیا۔ پہلے اجلاس میں تین تحقیقی مقالات غلام نبی آتش، بی ۔این بیتاب اورڈاکٹرافتخارنے پیش کئے ۔اس دوران اجلاس کی صدارت پی این تریسل نے کی ۔بعددوپہرمنعقدہ اجلاس میں تسکینہ فاضل ،پروفیسرعبدالجبار اورولی محمداسیرنے مقالات پیش کئے ۔تمام اجلاسوں کے بعدپرمقالات پرمغزبحث وتمخیص کی گئی ۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق سیمینارپیرکے روزبھی جاری رہے گا۔