جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو کہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے بھون بھیروں پسنجر روپ وے کا افتتاح کر کے اسے ماتا ویشنودیوی آنے والے یاتریوں کے نام وقف کیا۔یہ افتتاحی رسم گورنر نے راج بھو ن میں الیکٹرانک موڈ کے ذریعے انجام دی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر ایس ایس بلوریہ، ڈاکٹر اشوک بھان، ایچ ایل مینی، جسٹس ریٹائرڈ پرمود کوہلی، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولا کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے شرائین بورڈ کے افسروں اور انجینئروں کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ شرائین بورڈ اس روپ وے خدمت کے بلا خلل آوا جاہی کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوںکی راحت کے لئے یہ روپ وے پروجیکٹ کارگر ثابت ہوگا۔اس پروجیکٹ کو شرائین بورڈ نے85 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے اور اس میں اے گھنٹے کے اندر800 مسافروں کو لانے اور لے جانے کی گنجائش ہے۔پروجیکٹ کی مدد سے یاتری بھیروں جی مندر پر بھی حاضری دے سکیں گے جس کے لئے پہلے6600 فُٹ کی اونچائی چڑھنا پڑتی تھی۔ روپ وے کی مدد سے یاتریوں کا کافی وقت بچے گا ۔ شرائین بورڈ نے روپ وے کی ٹکٹ ایک سو روپے فی مسافر رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔شرائین بورڈ نے اپنی63 ویں میٹنگ میں روپ وے میں سفر کرنے والے مسافروں کو پانچ لاکھ روپے لائف انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ23 دسمبر کو شرائین بورڈ کے سی ای او کی موجودگی میں بھون میں ایک خصوصی پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا گیا تھا۔