جموں// سرمائی دارالحکومت جموں میں اپنے مطالبات کے حق میں بدھ کو کشمیری مہاجرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔یوتھ آل انڈیا کشمیری سماج (وائی اے آئی کے ایس) کے بینرتلے سینکڑوں کشمیری مہاجرین نے راج بھون کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔اس دوران احتجاجی مہاجرین نے ،'جس کشمیر کو خون سے سینچا، وہ کشمیر ہمارا ہے ، وی وانٹ جسٹس، جسٹس 'کے نعرے بلند کئے ۔ احتجاجی مہاجرین کا کہنا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیری مہاجرین کے حق میں واگزار کئے گئے ' وزیراعظم خصوصی پیکج' پر حکومت عمل درآمد نہیں کررہی،اس پیکج کے تحت کشمیری مہاجرین کو نوکریاں فراہم کر کے ان کی باز آبادکاری کرنا تھا لیکن ریاستی حکومت اس پیکج پر کوئی عمل درآمد نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے تعلیم یافتہ کشمیری مہاجرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ یوتھ آل انڈیا کشمیر سماج کے ایک عہدیدار نے بتایا ' کشمیری مہاجرین کے لیے واگزار کے گئے پیکج پر حکومت کوئی عمل درآمد نہیں کررہی ہے ، آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ گزشتہ دس سالوں میں 4000 کشمیری مہاجرین کوبھی نوکریاں فراہم نہیں کی گئی ہیں۔' انہوں نے بتایا ' وزیر اعظم خصوصی پیکج یعنی باز آبادکاری پیکج کے نام سے مرکزی حکومت نے کشمیری مہاجرین کے حق میں واگزار کیا جس کے تحت کشمیر ی مہاجرین کو نوکریاں فراہم کرنا تھا جو واپس کشمیر جانا چاہتے ہیں، ہم سب کشمیر واپس جانا چاہتے ہیں لیکن حکومت اس پر عمل درآمد نہیں کررہی ہے ،اس پیکج کے تحت 800 اسامیاں ابھی بھی التوا میں پڑی ہیں جس کے لیے حکومت نے آج تک نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت ہماری گھر واپسی کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے ۔