جموں//پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامو ن نے پشو پالن شعبۂ میں معقول فنڈنگ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبۂ کی بدولت ریاستی معیشت کو فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی۔جموں میں متعلقہ محکموں کے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پشو وبھیڑپالن اور ماہی پروری شعبوں میں نبارڈ کے تحت فنڈنگ والے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر اصغر سامون نے کہا کہ ریاست کی بڑی آبادی پشو پالن شعبۂ سے وابستہ ہے اور اس شعبۂ میں سرمایہ کاری سے زمینی سطح پر لوگوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے سماجی و اقتصادی منظرنامے کی بہتری کے لئے پشو پالن شعبۂ میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔انہوں نے نبارڈ کے تحت زیر تعمیر مختلف پروجیکٹوں کی تکمیل اور نئے پروجیکٹوں کے لئے منصوبے تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔انہوں نے دیہی سطح پر کسانوں کی پیداوار کو فروخت کرنے کے لئے کواپریٹو سوسائٹیاں تشکیل دینے، موجودہ لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کرنے، چارہ سے متعلق فارموں میں سرمایہ کاری ، ویٹنری ہسپتالوں، بریڈنگ فارموں اور دیگر تربیتی اداروں کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔