جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے لوسر کے سلسلے میں یہاں ابھینو تھیٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب کا انعقاد لداخ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن جموں نے کیا تھا ۔ لوسر کی اہمیت بیان کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ تہوار لداخ خطے کی ایک اہم سماجی و مذہبی تقریب ہے جس کے دوران روائتی فنون کا مظاہرہ کیاجاتا ہے ۔ لوسر کی مبارکباد دیتے ہوئے گورنر نے لداخی طالب علموں سے تلقین کی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے امن اور بھائی چارے کے ذریعے سماج کی خدمت کریں جولوسر کی اصل تعلیم ہے ۔ لداخ کے ہمہ جہت ورثہ کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ لداخ امن کی سرزمین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف مذاہب کے لوگ مل جُل کر رہتے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ جو لداخی طالب علم ریاست سے باہر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اُن کی راحت رسانی کیلئے ایک نوڈل آفیسر تعینات کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی دیگر مانگیں بھی پوری کی جائیں گی ۔ تقریب کے انعقاد کیلئے گورنر نے لداخ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کو مبارکباد دیتے ہوئے اس موقعہ پر تمدنی پروگرام پیش کرنے والے فنکاروں کی کافی سراہنا کی ۔ اپنے افتتاحی خطبے میں ایسوسی ایشن کے صدر نے لداخ کیلئے کلسٹر یونیورسٹی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے دیگر مانگوں پر غور کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، سیکرٹری سیاحت رگزن سیمفل ، سابق وزیر شیرنگ دورجے ، سابق چیف سیکرٹری سی فونسنگ ، لداخ کے گلیشئیر میں چیانگ نارفل اور دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں ۔