جموں //گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق پیشہ وارانہ کورسز کی تربیت دی جانی چاہئے جن سے وہ روز گار حاصل کر سکیں ۔ مشیر نے ان باتوں کا اظہار انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمے کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب پر کیا جو ای ایس ڈی ایم پروگرام کا الیکٹرانک افتتاح کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری آئی ٹی سوغات بسواس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں تا کہ ہُنر مند نوجوان استفادہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے باصلاحیت نوجوان اپنا ہُنر ابھار سکیں گے ۔ مشیر موصوف نے ایسے ایک ادارے کادورہ بھی کیا یہاں اس پروگرام سے متعلق تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ انہوں نے وہاں طالب علموں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران اُن سے تلقین کی کہ وہ محنت اور لگن سے کام لیکر یہ تربیت حاصل کریں ۔ بعد میں ایم ایل سی وکرم رنداوا ، سابق ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی و شیخ عبدالرشید کے علاوہ دیگر کئی وفود نے کے کے شرما کے ساتھ اُن کے دفتر میں ملاقات کر کے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے ۔ ایم ایل سی وکرم رنداوا نے توی دریا کے کناروں پر سٹون کریشروں کا معاملہ مشیر موصوف کی نوٹس میں لایا ۔ سابق ایم ایل اے شیخ عبدالرشید نے اپنے مطالبات کی ایک فہرست مشیر موصوف کو پیش کی ۔ سابق ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی نے ضلع کولگام میں سی آر ایف کے تحت سڑکوں کی تعمیر کا معاملہ مشیر کی نوٹس میں لایا ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں سی آر ایف پروجیکٹوں کی ترجیحی فہرست تیار کریں ۔ انہوں نے بجلی کی صورتحال سے متعلق سابق ممبرانِ اسمبلی سے جانکاری حاصل کی ۔ مشیر نے کہا کہ آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کو وقف کرنے کے بعد کشمیر خطے میں بجلی کی صورتحال مزید مستحکم ہو گی ۔ دریں اثنا دیالہ چک کے باشندوں کے ایک وفد نے مشیر کے ساتھ ملاقات کے دوران دیالہ چک بس سٹینڈ میں پبلک بیت الخلاء کی تعمیر کی مانگ کی ۔ مصطفیٰ نگر راجوری کے ایک وفد نے علاقے میں پانی کیلئے ہینڈ پمپ نصب کرنے کی مانگ کی ۔ راجوری کے دومرہ گاؤں سے آئے ایک وفد نے رضاق محلہ سے پرویز محلہ تک ٹریکٹر کیلئے سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ۔ دیگر کئی وفود اور افراد نے بھی اپنے مسائل کے حل میں مشیر کی مداخلت طلب کی ۔