جموں//ریاستی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے کہا ہے کہ بچوں میں احساس کمتری کو دور کرنے کیلئے سماج کے ہر طبقے کو اپنا رول نبھانا چاہیے ۔ گول گجرال چلڈرن ولیج اور چھنی رامہ میں ذہنی طور ناخیز بچوں کے ہوم کا دورہ کرنے کے دوران انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بچوں میں مٹھایاں ، چاکلیٹ ، گھبارے ، فٹ بالیں اور دیگر کھیل کود سے متعلق چیزیں تقسیم کیں ۔ اس موقعہ پر جسٹس حسنین مسعودی اور آئی سی پی ایس کے سٹیٹ مشن ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقین بھی موجود تھے ۔ جسٹس متل جو جوونائیل جسٹس کمیٹی کی سرپرست ہیں ، نے ایس او ایس ولیج کے کام کاج کی سراہنا کرتے ہوئے عملے اور دیگر متعلقین کو داد دی انہوں نے بچوں کی نگہداشت کیلئے بہتر ماحول قایم کرنے پر زور دیا تا کہ وہ خود مختار زندگی جینے کے اہل بن سکیں اور اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں 20 ملین سے زیادہ بچے احساس کمتری کا شکار ہیں اور ان کے احساس کمتری کو دور کرنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں ۔