ڈگیانہ میں ٹی 10کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
جموں //فوج کے ٹائیگر ڈویژن کی جانب سے ’جوان اور عوام ساتھ ساتھ ‘کے عنوان سے ڈگیانہ میں منعقدہ ٹی 10کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔26دسمبر 2018سے یکم جنوری 2019تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں مختلف علا قوں سے کل 10کرکٹ ٹیمیں شرکت کر رہی تھی ۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ رائے پور ستواری کلب اور لائی لال کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیا جس میں رائے پور ستواری کرکٹ کلب نے 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی ۔اس موقعہ پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات و ٹرافی بھی تقسیم کی گئی ۔
ادبی کنج کی 2018کی آخری کثیر اللسانی و ادبی نشست
جموں //ادبی کنج جموں کی جانب سے 2018کو الودع کہنے اور نئے سال کی آمد کے سلسلہ میں ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا ۔اس ادبی نشست میں ادبی کنج کے بانی رکن اورکیلیفورنیہ یونیورسٹی میں پنجابی کے پروفیسر سردار سریندر سنگھ سیرت بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیان کے علا وہ ویجی لینس کے سابق ڈی آئی سی رومیش ورما ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے تنظیم کے چیئر مین آرش دلموترہ نے تنظیم کی جانب سے ادب کے فروغ کیلئے انجام دی جارہی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ تنظیم نوجوان شاعروں کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ادبی کنج جموں کے صدر شامل طالب نے تنظیم کی ادبی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ تنظیم کا اصل مقصد ریاست کی مختلف زبانوں کے فروغ اور شاعروں کو حوصلہ افزائی کر نا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ گزشتہ 43برسوں سے تنظیم ادب کے میدان میں لگاتار تنقیدی نشستوں کا اہتمام کر تی آ رہی ہے اور اس سلسلہ کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔اس موقعہ پر شاعروں نے اپنا اپناکلام پڑھ کر بھی سنایا ۔پروگرام میں سریندر سنگھ سیرت کے علا وہ سبط رضا ،طارق رضا، مالک سنگھ وفا، سنتوش نادان ، عابدؔ سرحد،ڈاکٹر رام پالؔؔ، سرور چوہان حبیٖبؔ،کے کے شاکرؔ،رام پال ڈوگرہ ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
کشمیر چیمبر آف کامرس کا وفد منیر احمد خان سے ملاقی
جموں //شملہ کی روہڑوتحصیل میں کشمیری دکانداروں پرحملے اورانہیں ہراساں کرنے کے معاملہ پر کشمیر چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کا ایک وفد شیخ عاشق احمد کی قیادت میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس منیر احمد خان سے ملاقی ہو ا ۔وفد نے اراکین نے کشمیر تاجروں پر دیگر ریاستوں میں ہو رہے حملوںاور ہراساں کر نے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے مانگ کی کہ ان تاجروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامی سطح پر اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ریاستی پولیس اس سلسلہ میں اپنا پورا تعاون دے گی ۔کشمیر چیمبر کے مطابق کچھ غنڈہ عناصر نے ہتھیاروں،ہتھوڑوں اورڈنڈوں اورلوہے کی راڑوں کے ساتھ کشمیری دکانداروں کے شٹرتوڑ ے اورسامان کولوٹا۔کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے کشمیری برداری کونشانہ بنانے پرتشویش کااظہارکیاہے۔چیمبر کے عہدیداران نے کہاکہ کشمیری تاجروں کے خلاف کھلے عام زہرافشانی کی جارہی ہے اورسوشل میڈیاپرویڈیوزوائرل کی جارہی ہیں اورکشمیری دکانداروں سے سامان نہ خریدنے کیلئے کہاجارہاہے جوکہ باعث افسوس بات ہے۔کشمیر چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری نے ریاستی و مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔
ایچ ڈی ایف سی بنک کی ریاست میں 77ویں شاخ کا افتتاح
جموں // ریاست میں HDFC بینک کی 77ویں شاخ کا افتتاح کیاگیا ۔اس شاخ کا افتتاح جموںکچی چھاونی علاقہ میں پرنسپل سیکریٹری فائنانس نوین چوہدری نے دیگر اعلیٰ آفیسران و معززین کی موجودگی میں کیا ۔ایچ ڈی ایف سی منتظمین کے مطابق 2003میں ریاست جموں و کشمیر میں اپنی پہلی شاخ قائم کر نے کے بعد اس وقت ریاست میں مجموعی طورپر مذکورہ بینک کی 77شاخیں اور 211اے ٹی ایم قائم کئے جاچکے ہیں جن سے صارفین استفادہ کر رہے ہیں ۔بینک کی جانب سے2014میں ورانسی سے شروع کی ہوئی’گو ڈیجیٹل مہم ‘کے بعد ملک کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف حصوں میں جدید ٹیکنالوجی و جدید نیٹ ورک کی مدد سے صارفین کو مدد فراہم کر رہا ہے ۔اسی طرح بینک کی جانب سے ’بینک آپ کی مٹھی میں ‘موبائل ایپلی کیشن کی مدد سے صارفین کو موبائل فون پر بھی سہولیات میسر کی گئی ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں و کشمیر ایچ ڈی ایف سی بینک کے سنیئر نائب صدر زبیر اقبال نے کہاکہ بینک منتظمین جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنی خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ 2003میں صارفین کو سہولیت فراہم کرنے کیلئے مذکورہ بینک کی جانب سے سفر شروع کیا گیا تھا اور اپنی 15سالہ محنت و لگن کی وجہ سے اس وقت ریاست میں بینک نجی سیکٹر میں روز گا فراہم کرنے کے اعتبار سے اہم رول ادا کر رہا ہے ۔موصوف نے کہا کہ بینک نے سی ڈی کی شرح 64فیصد تک پہنچائی ہے جو کہ ریاست میں کسی بھی نجی سیکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ ہے ۔نوین چوہدری نے بینک کی ریاست میں موجودگی اور روز گار کے سلسلہ میں ادا کئے جارہے رول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے پسماندہ طبقہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔یاد رہے کہ ایچ ڈی ایف سی بینک کی ملک میں 54فیصد شاخیں دیہی اور نیم شہری علا قوں میں قائم ہیں ۔
محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کاخالی برتن لے کر احتجاج
جموں// جموں میں بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا مسلسل 29 ویں روز بھی دھرنا جاری رہا ۔جے اینڈکے کیجول لیبرز یو نین پاور ڈولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے بدھ کے روز سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ بجلی کے نیڈبیس اور کیجول ملازمین نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر دفتر جموںدفتر سامنے خالی پلیٹیں لے کر دھرنا دیا اور اپنے مطالبات کے حق نعرے بازی کی۔اس دوران احتجاجی ملازمین نے ’ہماری مانگیں پوری کرو پوری کرو‘کے نعرے بلند کئے ۔ یونین کے صدر اکھل شرما نے بتایا کہ وہ بقایا اجرتوں کی ادائیگی اورملازمت کی مستقلی کے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی دنوں سے چیف انجینئر دفتر پی ڈی ڈی کے سامنے احتجا جی مظاہرہ کررہے لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک ریاستی حکومت نے ان کے مسائل کا ازالہ کرنے کے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے عارضی ملازمین کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے ، جموں کے عارضی ملازمین بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیںلیکن حکومت ان کی سنوائی نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا ایک ہی ریاست میں الگ الگ قانون کیوں لاگو کئے جاتے ہیں، اگر کشمیر میں ایس آر او 381لاگو کر وہاں کے عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا توجموں کے ملازمین کو ایس آر او 381سے باہر کیوں رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک چیف انجینئر دفتر کے دھرنے پر بیٹھے رہیں گے ۔
ایس پی او سلیکشن فہرست مشتہر کرنے کے حق میں احتجاج
جموں// جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بدھ کے روز سلیکشن فہرست مشتہر کرنے کے حق میں سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) امیدوار نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔بڑی تعداد ایس پی او امیدواروں نے کٹھوعہ میں واقع شہد بھگت سنگھ پارک میں احتجاجی مظاہرے کر کے سلیکشن فہرست مشتہر کرنے کا مطالبہ کیااور نعرے بازی کی۔احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ ضلع کٹھوعہ کے علاوہ ریاست کے سبھی اضلاع میں ایس پی او کی سلیکشن فہرستیں مشتہر ہو چکی ہیں لیکن دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ضلع کٹھوعہ کی سلیکشن فہرست مشتہر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ایک ایس پی او امیدوار سرجیت سنگھ نے بتایا کہ سرکار تو نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے ضرور کرتی ہے لیکن نوجوان کے لئے زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا جاتا ،2016میں ضلع کٹھوعہ کے لئے ایس پی او کی100اسامیوں کے لئے ایڈورٹائزمنٹ نکالی گئی تھی جس کے لئے 10 ہزار نوجوان نے فارم بھرے جن میں سے 1600 امیدواروں نے کوالیفائی تھا لیکن دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود سلیکشن فہرست نہیں نکالی گئی جس کی وجہ سے آج ہم سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور ہو گئے ۔احتجاجی امیدواروں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس پی او کی سلیکشن فہرست جلد از جلد مشتہر کی جائے۔
نٹرنگ کا بچوں کیلئے سرمائی ورکشاپ7جنوری سے
جموں //نٹر نگ تھیٹرکی جانب سے بچوں کیلئے آئندہ ساتھ جنوری سے ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہاہے جس کے دوران بچوں کے مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی ۔اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے نٹر نگ ڈائریکٹر بلونت ٹھا کر نے کہاکہ اس ورکشاپ کے دوران شام 3بجے سے 5بجے تک نٹرنگ کے ماہر ڈائریکٹر بچوں کو تربیت فراہم کر ینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہر برس نٹر نگ انتظامیہ بچوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر نے کے سلسلہ میں پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جبکہ بچوں کیلئے دس روزہ تربیتی کیمپ کے دوران اعتماد ،بول چال ودیگر شعبوں میں تربیت دی جائے گی ۔نٹرنگ ڈائریکٹر نے کہاکہ اس ورکشاپ میں شرکت کے خواہشمند ورکشاپ کو آر ڈینٹر کیساتھ 9906048670اور 9419106669نمبرات پر رابطہ کر نے کے علا وہ کر سکتے ہیں جبکہ اس ورکشاپ میں 7سے 15برس تک کی عمر کے بچوں کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔
کے کے شرما نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرا م کی عمل آوری کا جائزہ لیا
جموں//گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے جموں میں ایک میٹنگ میں ریاست میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور سوچھ بھارت مشن کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، سیکرٹری مکانات و شہری ترقی انیل کمار گپتا، کمشنرجموں میونسپل کارپوریشن پنکج مگوترہ، کمشنر سری نگر میونسپل کاپوریشن پیر زادہ حفیظ اللہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شر کت کی۔میٹنگ کے ابتدا میں فائنانشنل کمشنر نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سے متعلق تفاصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کٹرہ اور اودھمپور میں اس پروجیکٹ کے تحت 4کروڑ روپے اور 14.59 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ اس کے لئے ڈی پی آر تیار کئے جارہے ہیں۔صلاح کا رنے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کو اہم قرار دیتے ہوئے ٹینڈرنگ سمیت تمام لوازمات کو پورا کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہیں بتایا گیا کہ ایس ایم سی کی طرف سے تقریباً 80فیصد گھروں کے دروازوں سے کوڑا جمع کیا جاتا ہے اور اس مقصد کے لئے 112 گاڑیاں کام پر لگائی گئی ہیں جبکہ شہر کے 15وارڈوں کو فضلہ کو مناسب ڈھنگ سے ٹھکانے لگانے کے لئے جانکاری پیدا کرنے کے لئے 6غیر سرکاری تنظیموں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔میٹنگ میں اچھن لینڈ فِل سائیٹ سے متعلق ایک ویڈیو بھی چلایا گیا جبکہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور پارکنگ سہولیات کے قیام سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔صلاح کار نے تمام متعلقین مابین باہمی تال میل پر زو ردیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے کی ہدایت دی۔
وِجے کمار کا جموں میں عوامی دربار ملتوی
جموں//گورنر کے صلاح کا ر کے۔ وِجے کمار کا کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں 03؍جنوری 2019ء کو منعقد ہونے والا عوامی دربار ملتوی کیا گیا ہے ۔عوامی دربار کے لئے علاحدہ تاریخ مشتہر کی جائے گی۔
جموں میں 10 روزہ ایس سی ، ایس ٹی مارکیٹنگ نمائش اختتام پذیر
جموں//جموں میں آج سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فارو ق احمد لون کی ہدایت پر ایس سی اور ایس ٹی زمروں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے دس روزہ مارکیٹنگ نمائش اختتام پذیر ہوئی ۔ اس نمائش کا اہتمام ایس سی ، ایس ٹی کارپ اور نیشنل مائنارٹیز فائنانس ڈیولپمنٹ کارپوریشن نئی دلی کی طرف سے کیا گیا ۔ڈاکٹر لون نے کارپوریشن کے مستفید ین کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ یہ اسٹال ان مستفید ین نے لگائے تھے جنہیں کارپوریشن کی طرف سے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔سیکرٹری نے مذکورہ نمائش کے اہتمام پر متعلقین کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت مستفیدین کو اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے میں مدد ملتی ہے۔نمائش میں 54 مستفیدین نے 1.20کروڑ روپے مالیت کی مصنوعات کو نمائش کے لئے رکھا تھا جبکہ نمائش کے دوران 41,90,450 روپے کی تجارت بھی گئی۔
عوامی شکایات کے بروقت ازالے پر زور
جموں//عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کے لئے گورنر گریوینس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انعام الحق صدیقی نے آج جموں میں مختلف محکموں کے نوڈل افسران کی میٹنگ طلب کی ۔اُنہوں نے زیر التوا ٔ شکایات کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ صنعت و حرفت محکمہ کو ملی 68 شکایات میں سے 53 پر کارروائی کی گئی ہے جبکہ ہینڈی کرافٹس محکمہ کو موصول 29 میں سے 26 اور کھادی ولیج بورڈ کو39 شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران کو محکمہ جاتی گریوینس سیلوں کو متحرک کر کے شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے کہا ۔ اس کے علاوہ نوڈل افسران کو عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر سنجیدہ توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔اُنہوں نے محکمانہ سطحوں پر شکایتی سیلوں کو متحرک بنانے کے لئے درکار اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی اور مختلف زیر التوأ شکایات پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے مختلف محکموں کے مابین باہمی تال میل پر زور دیتے ہوئے نوڈل افسران کو ہر ایک شکایت پر ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ایکسس انڈیا پروگرام
ریاست کیلئے 5.09 کروڑ روپے واگزار
جموں//ایکسس انڈیا پروگرام کے تحت سماجی بہبودی کی مرکزی وزارت نے ریاست جموں وکشمیر میں 11سرکاری عمارات جسمانی طور ناخیز افراد کی نقل و حمل میں سہولیت کے لئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے لئے پہلی قسط میں 5.09کروڑ روپے واگزار کئے۔سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون کے مطابق ریاستی سرکار نے اس حوالے سے مرکز کو 21.46کروڑ روپے مالیت کے ڈی پی آر بھیجے تھے جنہیں مرکزی سرکار نے منظور کیا ہے اور منظور شدہ 21.46 کروڑ روپے میں سے 31؍ دسمبر 2018ء پہلی قسط میں 5.09کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان رقومات سے سول سیکرٹریٹ سمیت مختلف سرکاری محکمہ جات کی عمارات میں جسمانی طور ناخیز افراد کی نقل و حمل میں آسانی کے لئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا۔
ترقیاتی سرگرمیوں میں پیشرفت
انتظامی سیکریٹریوں کو ماہانہ بنیاد پر رپورٹ دینے کی ہدایت
جموں//سرکار نے ریاست کے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو ماہانہ بنیادوں پر مختلف پروجیکٹوں اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق پیش رفت رپورٹ منصوبہ بندی محکمہ کو بھیجنے کی ہدایت دی ہے ۔جی اے ڈی کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق رپورٹیں ہر ماہ کی 25تاریخ تک مذکورہ محکمہ کو بھیجی جانی چاہیئے اور گورنر سیکرٹریٹ اور اس حوالے سے ہر ماہ کی تیسری تاریخ کو رِپور ٹ بھیجنی ہوگی۔حکمنامے کے مطابق تمام اِنتظامی سیکرٹریوں کو اس حکمنامے پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
سوربھ بھگت کاہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے پر زور
جمو ں//حکومت نے غیر ہُنر مند ورکروں کو آئی ٹی آئیز کے ذریعے اُن کے ہُنر کو بڑھاواد ینے کے لئے تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ان لوگوں کو ٹیلرنگ، آٹو موبائل مکینک، کمپیوٹر ایپلی کیشن، فروٹ اور فوڈ پرزرویشن، ریفرجریشن اور ائیر کنڈشنگ کی مرمت کے ہُنروں میں چند خصوصی آئی ٹی آئیز میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ان ورکروں کی رجسٹریشن کا عمل پہلے سے ہی شروع کیا گیا ہے اور انہیں یہ تربیت آئی ٹی آئیز میں بھی فراہم کی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار کمشنر سیکرٹری محنت و روز گارسوربھ بھگت نے آج یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے ریاستی محکمہ محنت نے سُپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے غیر ہُنر مند ورکروں کی رجسٹریشن کا کام بڑے پیمانے پر شروع کیا ہے۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ یشپال سُمن، جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ انو بہل، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل شاہد محمود اور جموں صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔رجسٹریشن کے بعد ضلع ایمپلائمنٹ و کونسلنگ مراکز ان ورکروں کو15 جنوری2019 سے شروع ہونے والے تربیتی پروگرام کے سلسلے میں متعلقہ آئی ٹی آئیز میں بھیجیں گے۔کمشنر سیکرٹری نے اس موقعہ پر غیر ہُنر مند ورکروں کی رجسٹریشن کے لئے بڑے پیمانے پر نوجوانوں میں بیداری عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ضلع افسروں کو ہدایت دی کہ وہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ سُپریم کورٹ کی طرف جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ و کونسلنگ مراکز کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اس سکیم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ، مقامی نمائندوں اور پی آر آئیز کو بھی اس عمل میں شامل کریں۔
با اختیار کمیٹی کی چھٹی میٹنگ
۔94 معاملات کی باقاعدگی کو منظوری دی گئی
جمو ں//ایس آر اور520 آف2017 کے تحت تشکیل دی گئی با اختیار کمیٹی چھٹی میٹنگ آج یہاں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔کمیٹی نے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی نوکریوں میں باقاعدگی لانے کے سلسلے میں94 معاملات کو منظوری دی جن میں اسٹیٹس محکمہ کے68 ،تعمیرات عامہ کے14 اور امور لداخ محکمہ کے12 معاملے شامل تھے۔نوین کمار چودھری نے کہا کہ متعلقہ ایس آر او کے تحت ضروری اسناد کی کمی وجہ سے پانچ معاملات کو متعلقہ انتظامی محکموں کو واپس بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ با اختیار کمیٹی نے اب تک6 میٹنگوں کے دوران578 معاملات کو منظوری دی ہے۔