جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ کی جانب سے حالیہ دنوں دئیے گئے مبینہ متنازعہ بیان کے خلاف جمعہ کے روز یوتھ کانگریس نے جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔جمعہ کے روز کانگریس پارٹی کے یوتھ لیڈر وشو شرما کی قیادت میں سینکڑوں یوتھ کانگریس کارکنوں نے پریس کلب جموں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے بی جے پی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ اس دوران احتجاجی کارکنوں نے بھاجپا ریاستی صدر کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی تصویریں بھی نذر آتش کیں ۔احتجاجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی ریاستی صدر رینہ نے حالیہ دنوں ایک نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں کانگریس پارٹی اور کانگریس کے سینئر لیڈر کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔اپنے خطاب میں وشو شرما نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر نے حالیہ دنوں اپنے ایک بیان میں کانگریس پارٹی کو لشکر والوں کی پارٹی اور کانگریس کے سینئر لیڈروں کو غدار کہا تھا،جو کہ ناقابل برداشت بیان ہے ، کانگریس پارٹی اس بیان کی سخت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ’بی جے پی صدر کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے اور بی جے پی والوں کو ان کا کہیں علاج کروانا چاہے ‘۔