نبیٔپاکﷺ
نبیٔ پاکؐ! اے خوشبوئے عالم
مجھے تیری طلب تیری طلب ہے
تیرا ہے نامِ اطہرؐ دوجہاں میں
تو ہی شانِ عجم ، فخرِ عرب ہے
صدائیں مدح خوانوں کی نرالی
مگر نا اَکل طیب ، نا شُرب ہے
خطاکارِ جہاں میں، نعت خواں میں!
مجھے تو اپنی جُرأت پہ عجب ہے
میں تو راہِ عزیمت سے ہوں خائف
حقیقت میں یہی راہِ طرب ہے
جہاں والو بتایا زندگی کو
قُرآنِ پاک نےــ’لہو و لعب‘ہے
خدا کے سامنے تقویٰ مُقدم
نہیں چلتا وہاں نام و نسب ہے
طُفیل شفیع
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653
نعت رسول مقبول ﷺ
یہ عاصی ذرا دیکھ کیا چاہتا ہے
دیارِ حبیبِ خدا چاہتا ہے
یہ دل خاکِ کرب و بلا چاہتا ہے
غمِ زندگی کی دوا چاہتا ہے
نبی اور نبی والوں کا جو ہے شیدا
اسی شخص کو بس خدا چاہتا ہے
دکھا دے خدایا مجھے شہرِ طیبہ
مرا دل یہ صبح و مسا چاہتا ہے
ارم کی فضا میں دوانہ نبی کا
مدینے کی آب و ہوا چاہتا ہے
وظیفہ درودِ مقدس کا کر تو
جو گھر سے بھگانا بلا چاہتا ہے
تو پھر نقشِ پائے نبی ڈھونڈ بھائی
اگر خلد کا راستہ چاہتا ہے
جہاں ابنِ حیدر کا ہے آستانہ
یہ دل بس وہیں گھر بنا چاہتا ہے
دیا جاتاہے جس میں درس حسینی
یہ "زاہد" وہی مدرسہ چاہتا ہے
محمد زاہد رضا بنارسی
دارالعلوم حبیبہ رضویہ
گوپی گنج بھدوہی، یوپی۔انڈیا
نعتِ شریف
قرطاسِ دل کو دھو ذرا اشکوں سے بار بار
خونِ جگر سے اپنے پھر انُ کو سلام لکھ
ا پنے قلم میں بھرے تو پھولوں کے سارے رنگ
تب جاکے خوشبوئوں سے محمدؐ کا نام لکھ
پوچھا جو میں نے روئے مبارک کو کیا لکھوں ؟
بولا خدا ادب سے تو ماہِ تمام لکھ
کردوں عطا میں عرش سے اشعار ہر دفعہ
شانِ رسول ؐمیں کلامِ صبح شام لکھ
میں بانٹتا ہوں رحمتیں انُ کے ہی نام سے
میرے رسولؐ کو ذرا خیرالانام لکھ
چُھونے کو خاک روز یہ جاتی ہے مدینہ
بادِ صبا کے دوش پہ اپنا پیام لکھ
کہنا کہ بُلا لیجئے ہم کو بھی مدینہ
دامن پہ جابجا یونہی اشکوں کے جام لکھ
اسُ نے کہا کیا چاہیے اس نعت کا صلہ
میں نے کہا حبیبؐ کا مجھ کو غلام لکھ
بس سیکھ فلکؔ ڈوبنا عشقِ رسولؐ میں
پھر ہوکے مست شوُق سے اپنا کلام لکھ
فلک ؔریاض
حسینی کالونی چھترگام کشمیر ،موبائل نمبر؛ 6005513109