مینڈھر//منکوٹ کے سرحدی دیہات میں متعدد سکولوں کے مسلسل بند ہونے پر شدید تنقید کی زد میں آنے کے بعد پونچھ میں حکام نے محکمہ تعلیم کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ یہ کارروائی چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کے ساتھ ساتھ سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر نے بھی شروع کی ہے جس میں دو اساتذہ کو معطلی کے تحت رکھا گیا ہے ، دو اساتذہ کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیاگیا ہے جبکہ ایک زونل ایجوکیشن آفیسر سے بھی اپنی پوزیشن صاف کرنے کو کہا گیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ چوہدری گلزار حسین ، جو چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کے عہدے پر تعینات ہیں اور ضلع پونچھ کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں ، نے جن دو اساتذہ کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری کیاہے ،ان میں گورنمنٹ پرائمری سکول چارنگی کا ایک استاد اور پرائمری سکول چوکی دھارا ساگرا میں مستقل کیاگیا آر ای ٹی ٹیچر شامل ہے کیونکہ ان دونوںسکولوں میں حالیہ ایام میں بند پایاگیاتھا۔حکام نے کہا"زونل ایجوکیشن آفیسر منکوٹ کو سکولوں کے دوبارہ کھولنے کے لئے کوئی اقدام نہ کرنے کے ساتھ ساتھ سی ای او پونچھ کو سکولوں کی بندش سے آگاہ نہ کرنے پروجہ بتائو نوٹس جاری کیاگیا ہے" ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام عہدیداروں کو دو دن کے اندر نوٹس کا جواب دینے کو کہا گیا ہے۔دوسری طرف سب ڈویڑنل مجسٹریٹ مینڈھر ساحل جنڈیال نے منکوٹ زون میں گورنمنٹ مڈل اسکول نار منکوٹ کے دو اساتذہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا اور دونوں کو معطل کیا گیا ہے۔حکام نے کہا"مذکورہ اسکول 9 فروری کوبند پایاگیاتھاتھا جس کے بعد دونوں اساتذہ کی تنخواہیں روک دی گئیں اور انہیں اظہار وجوہ نوٹس کا جواب دینے کے لئے کہا گیا جب کہ جمعرات کے روز سکول دوبارہ قریب پڑا ہوا ملا جس کے بعد دونوں اساتذہ کو معطل کیاگیا‘‘۔