جموں//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سریتاچوہان نے یہاں ون بھون جموں میں جموں کشمیر میں فارسٹ رائیٹس ایکٹ 2006 کی عمل آوری پر جاری پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے جبکہ جموں اور کشمیر خطوں کے کنزرویٹرز اور صوبائی فارسٹ افسران نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔ صوبائی فارسٹ افسران نے گرام سبھا ، بلاک اور رینج سطح پر فارسٹ رائیٹس کمیٹی کی جانب سے موصول شدہ دعووں کی تعداد سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔ کمشنر سیکرٹری نے صوبائی فارسٹ افسران کو اس ضمن میں لازمی ریکارڈ اور نقشہ جات سمیت ایک مفصل لایحہ عمل تیار کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنران اور سب ڈویژنل لیبل کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کر کے فارسٹ رائیٹس کمیٹی کی جانچ کے عمل کا انعقاد کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے تمام تفاصیل متعلقہ گرام سبھا کو فیصلہ سازی کیلئے پیش کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے صوبائی فارسٹ افسروں کو اس عمل میں سرعت لانے کیلئے ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ مال کے عملے کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرنے میں پہل کرنے کی ہدایت دی تا کہ معاملات پر عمل آوری کر کے انہیں فوری طور نمٹایا جا سکے ۔