ڈوڈہ //وی ڈی سی یونین نے بھاجپا حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار ان کے ساتھ کئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اکائی ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے توڑنے کی سازش کررہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری میں وی ڈی سی ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شانتی بھوشن نے کہا کہ پچھلے دو دہائیوں سے وہ وی ڈی سی ممبران کے حقوق کے لئے کام کررہے ہیں لیکن ہر بار ہمیں سبز باغ دکھا کر ہر بہلایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں سے وہ تنخواہوں سے محروم ہیں اور بیشتر وی ڈی سی ممبران کی تنخواہ ایس پی اوز نے ہڑپ کی ہے۔ شانتی بھوشن نے کہا کہ 1996 سے لے کر آج تک سینکڑوں وی ڈی سی ممبران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر دن رات کام کیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا قیادت نے ڈی ڈی سی انتخابات کے فوراً بعد وی ڈی سی کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر پندرہ اپریل تک ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو وہ جموں اور دہلی کے جنتر منتر میں ہمہ گیر احتجاج شروع کریں گے۔ وی ڈی سی ممبران نے ان کے بنک کھاتوں میں براہ راست ماہانہ طور پر تنخواہ واگذار کرنے و تمام واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔