مینڈھر //گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش کے بعد مینڈھر سب ڈویژن کی دو بڑی پنچاتیوں سنگیوٹ اور چنڈیال میں بجلی سپلائی بند ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے ملازمین و آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں خستہ حال بجلی نظام بارش کی وجہ سے متاثر ہو گیا تاہم محکمہ ابھی تک نظام کی بحالی میں مکمل طورپر ناکام ہو گیا ہے ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین شمیم اختر نے انتظامیہ بالخصوص محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بجلی نظام کو معیاری بنانے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بارشوں میں اکثر دونوں پسماندہ پنچایتوں کی بجلی سپلائی میں خلل آجاتا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بجلی نظام کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے جبکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سنگیوٹ اور چنڈیال کی سپلائی بحال ہو سکے ۔