بارہمولہ // بارہ مولہ ضلع کی بیشتر سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں ،طلاب اورخصوصاًٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کیا ہے کہ اگر چہ ضلع بارہمولہ میں کئی علاقوں کی سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا تاہم بیشتر علاقوں کی سڑکیں ابھی بھی خستہ ہیں لیکن بدقسمتی سے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔رفیع آباد ، سوپور ، ٹنگمرگ ،پٹن ، نارواو ،بارہمولہ اور اوڑی کے دیہات کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہاںکی بیشتر سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے جبکہ سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں اور مذکورہ سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے یہاں کے ٹرانسپورٹروں ،مسافروں اور طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ ان سڑکوںکی حالت اس قدر خراب ہے کہ ٹرانسپورٹر ان پر اپنی گاڑیاں چلانے سے ڈر محسوس کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ٹنگمرگ کے پارسوانی ،بنہ گام ، کچھمتی پورہ ،کنزر ،اگمنہ سے دردپورہ، وانلو ، حاجی بل ، چھاندل، وانی گام ،دارہامہ ، دارکشی کے علاوہ کئی علاقوں کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان دیہات کی رابطہ سڑکوں کاحال برا ہے اور ان کی مرمت پر توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔رفیع آباد کے راوچھہ ،ڈولی گنڈ ، روہامہ ،بلہامہ ، شالکوٹ ، ڈنڈوسہ ،پازلپورہ ، ہدی پورہ، چتلورہ ، تکیہ چاٹوسہ ، یاربگ اور گنڈ کریم خان کے لوگوں نے بتایا کہ ان علاقوں کی سڑکیں اس قابل ہی نہیں ہیں کہ ان پر گاڑیاں چل سکیں اور اس وجہ سے ٹرانسپورٹر ان علاقوں کیلئے گاڑیاں بہم رکھنے سے کتراتے ہیں، جس کے نتیجے میںمقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔اس کے علاوہ کئی سڑکوں پر حادثوں کا خطرہ رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے اس معاملے کو لیکرمتعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفسران کومطلع کیا، تاہم اُنہوں نے ان سڑکوں کی مرمت کرنے پر توجہ نہیں دی ۔ اسی طرح حاجی بل بارہمولہ کے لوگوں میں محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیاکہ اس علاقے کے سڑک رابطے کو آج تک نظر انداز کیا گیا جس کے باعث یہ سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور معمولی بارشوں کے ساتھ ہی سڑک پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے مذکورہ علاقے کا رابطہ تحصیل ہیڈکواٹر سے منقطع ہوجاتا ہے۔ بشیر احمد نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ سڑک جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہے تاہم حکام کی جانب سے سڑک کی مرمت کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر چہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں مطلع کیا تھا تاہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔