بیرون جموں کشمیرکی گاڑیوں کی رجسٹریشن
کرن نگر کے کار ڈیلر وں کاتجارت کوتحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
سرینگر// علاقائی ٹرانسپورٹ افسر کی جانب سے بیرون ریاستوں کی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے خلاف کرن نگر میں گاڑیوں کی تجارت کرنے والوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجارت کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ شہر کے کرن نگر میں کار ڈیلروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفسر کی جانب سے گزشتہ روز جو حکم نامہ جاری ہوا،اس سے کار ڈیلرئوںمیں عدم تحفظ کااحساس پیداہوا ہے،جبکہ انکی تجارت بھی دائو پر لگ گئی ہے۔ کشمیر اکنامک الائنس کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے ان کار ڈیلروں نے کہا کہ گزشتہ دن سے گاڑیوں کو ضبط کیا جا رہا ہے،اور جن لوگوں نے کار ڈیلروں سے گاڑیاں خریدی ہیں،وہ انہیں واپس کر رہے ہیں۔ احتجاج کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کہا کہ اگر سرکار جرائم کو روکنے کیلئے یہ اقدامات کررہی ہیں،اس میں وہ مداخلت نہیں کرسکتے،تاہم اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ریاستوں سے وادی برآمد ہونے والی گاڑیوں کے ٹیکسوںکی ادائیگی پہلے ہی ہوئی ہوتی ہیں،اور یہاں آکر ان کی سرنو رجسٹریشن کے دوران انہیں ابتدائی مرحلوں سے پھر سے گزرنا پڑتا ہے اور ایک بار پھر ٹیکسوں کی ادائیگی کرنی پڑتی ہے اور اس طرح دہرے ٹیکسوں کی ادائیگی ہوتی ہے۔ ڈار نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں ایک بار پھر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کافی کنفیو یژن پیدا ہوگیا ہے اور متعلقہ حکام کو چاہے کہ وہ آگاہی مہم چلائے تاکہ بیرون ریاستوں میں گاڑیوں کی خریداری کرنے والوں کو معلومات فراہم ہو۔ڈار نے کہا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔پریس کانفرنس میں ارشد احمد بٹ بھی موجود تھے۔
بانڈی پورہ میں خصوصی مہم
۔45گاڑیاں ضبط 78کاچالان
نیوز ڈیسک
سرینگر//بانڈی پورہ پولیس نے مناسب دستاویزات کے بغیر گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے ۔کارروائی کے دوران بانڈی پورہ پولیس نے ضلع بھر میں 45گاڑیاں ضبط اور78 گاڑیوں کا چالان کیا ۔ بانڈی پورہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے باہر سے لائی جانے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل جلد سے جلد مکمل کریں۔
’اندراآواس یوجنا‘
کنگن کا غریب شہری مکان بنانے کیلئے10 سال سے امداد کامنتظر
غلام نبی ضیا
کنگن //مرکزی معاونت والی اسکیم’ اندراآواس ہوجنا ‘کے تحت یچھ ہامہ کنگن کے ایک غریب شہری کو دس برس سے مکان تعمیر کرنے کیلئے کوئی امدادواگزار نہیں کی گئی۔جبکہ دس سال قبل انہوں نے اس کیلئے متعلقہ محکمہ میں درخواست دی تھی۔عبدالرشیدوانی نامی اس شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ دس سال قبل اُس نے بلاک آفس کنگن میں اس اسکیم کے تحت مکان تعمیر کرنے کیلئے درخواست دی تھی،جس کے بعد ہر سال اُسے کہاجاتا ہے کہ اس بار اُس کانمبر ہے اور آپ کو جلد ہی امدادکی پہلی قسط دی جائے گی۔عبدالرشید نے کہاکہ اس طرح دس سال گزر گئے اور اُسے کوئی امدادنہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ ایک برس قبل اُسے متعلقہ جی آر ایس نے کہا کہ اپناپرانا مکان منہدم کردو،آپ کو بہت جلد امداد کی قسط فراہم ہوگی۔جس کے بعداُس نے پرانامکان گرادیامگر اُس کے بعد اُسے کوئی امداد نہیں دی گئی۔عبدالرشید ایک مفلوک الحال شخص ہے اور اس کے پانچ بچے ہیں جن میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹاشامل ہے۔ان بچوں نے بتایاکہ ان کے باپ کے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں تعلیم ادھوری چھوڑ دی ہے۔عبدالرشیدکی اہلیہ نے بتایا کہ وہ بلاک آفس کنگن جانے کیلئے لوگوں سے گاڑی کا کرایہ لیتی تھی مگر اس کے باوجود کوئی فائدہ نہیں ہوا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عبدالرشیداوراس کی اہلیہ جسمانی طور کمزور ہیں اور وہ محنت مزدوری نہیں کرسکتے اور اب وہ کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں جس کاکرایہ ادا کرناان کے بس میں نہیں ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل سے مطالبہ کیا کہ عبدالرشید وانی نامی شخص کو مرکزی معاونت والی اسکیم کے تحت رہائشی مکان تعمیر کرنے کے لئے رقم واگذار کی جائے تاکہ وہ بھی اپنارہائشی مکان تعمیر کرسکے۔ اس بارے میں جب کشمیر عظمیٰ نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر کنگن سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ سال 2017سے فنڈس واگزار نہیں ہوئے ہیں اور اب ایسے افراد جنہوں نے آئی اے وائی کے تحت رہائشی مکان تعمیر کرنے کے لئے درخواست دی ہے اور جن کے کیس منظور ہوئے ہیں ،ان کے بنک اکائونٹ میں آئی اے وائی اسکیم کے تحت پیسے جمع ہوںگے۔
بانڈی پورہ میں نیشنل کانفرنس کی ممبرشپ مہم کاآغاز
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں نیشنل کانفرنس کی ممبر شپ مہم کاسوموار کو باضابطہ آغاز ہوااور ممبر پارلیمنٹ اکبر لون کی موجودگی میں ضلع کے متعدد لوگوں نے تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اکبر لو ن نے کارکنوں پرزوردیاکہ وہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے کیلئے سخت محنت اور لگن سے کام کریں۔انہوں نے اتحاد واتفاق قائم رکھنے کی کارکنوں سے تلقین کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لوگ آتے ہیںاور جاتے ہیں اس سے تنظیم پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔اس موقعہ پر سابق وزیر مملکت نذیر احمد گریزی ،میر غلام رسول ناز ایڈووکیٹ ،نذیر احمد ملک ڈاکٹر بلقیس فردوس، غلام احمد ملک چیئرپرسن ڈی ڈی سی ضلع بانڈی پورہ موجود تھے۔
اننت ناگ میں سی آر پی ایف اہلکارکے ہاتھوں بیوی کاقتل
عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں سی آر پی ایف جوان نے مبینہ طور پر بیوی کا گلا دبا کر قتل کردیا۔سی آر پی جوان شنکر نائیک بیلٹ نمبر 185210073ولد رمن نائیک ساکنہ تومکر کرناٹک 40 بٹالین سی کمپنی سے وابستہ اندرناگ شیر باغ میں تعینات ہے۔مذکورہ اہلکار اہلیہ کے ہمراہ کرایہ کے مکان میں رہائش پزیر ہے۔پولیس کے مطابق اہلکار کو اپنی 36 سالہ بیوی سمبا بھائی سے کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا جس دوران اہلکار نے مبینہ طور پر اس کا گلا دبا یا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہا جب وہ کمرے میں داخل ہوئے خاتون فرش پر پڑی تھی اور گلے پر نشان تھا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورے کئے اور اہلکار کو حراست میں لیا ۔
لولاب میں سیلابی پانی سے بڑی بیری پل کو نقصان
گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند
کپوارہ//اشرف چراغ //بڑی بیر ی لولاب کے نزدیک نالہ لولاب پر بنے پل کوسیلابی پانی سے نقصان پہنچ جانے کی وجہ سے اس پل پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔سب ضلع مجسٹریٹ لولاب اعجازاحمد کے مطابق ضلع میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نالہ لولاب پر پل کو سیلابی پانی سے کافی زیادہ نقصان پہنچ چکا ہے اس لئے انتظامیہ نے اس پل پر گاڑیوں کی آمد ورفت کو بند کیا اور انتظامیہ کوئی بھی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی۔انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کہ وہ پل پر چلنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال گاڑیوں کو دوسرے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی اور موسم میں بہتری اور پانی کی سطح کم ہوجانے کے بعد نقصان زدہ پل کی مرمت کی جائے گی۔
چرارشریف میں زمین دھنس گئی
۔10دکانوں اور ایک دفترکو نقصان
سرینگر / /چراشریف بڈگام میںزمین دھنس جانے کے نتیجے میں 10 دکانوں اورایک اخباری دفتر کو زبردست نقصان پہنچا ۔مقامی لوگوں کے مطابق وارڈ نمبر 8میں جامع مسجد کے قریب مسجد کمپلیکس کی زمین د ھنس گئی اور پانچ سو فٹ گہری کھائی کی صورت میں ایک نیا نالہ وجود میں آیا۔علاقے میں یہ خبر پھیلتے ہی اس کمپلیکس کے دکاندار موقع پر پہنچ گئے اور اپنی اپنی دکانوں سے مال محفوظ مقامات تک پہنچانے کی دوڈ میں نظر آ ئے۔ اس دوران مقامی آبادی اور متاثرین نے الزام عائد کیا کہ یقین دہانیوں کے باوجود سڑک اور دکانات کی مضبوطی کیلئے کنکریٹ دیوار تعمیر کرنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئل کنزر ویشن، آر اینڈ بی، ہائوسنگ اوردیگر ادارے آج ہوئے اس نقصان کے برابر ذمہ دار ہیں۔انہوں نے صوبائی کمشنر سے اس سلسلے میںفوری مداخلت کی اپیل کی۔
اوڑی کے ایک گائوں کی سڑک 8سال سے تشنہ تکمیل
ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی میں گذشتہ 8 برسوں سے دچھی نامی گائوں کی رابطہ سڑک تشنہ تکمیل ہے۔مقامی آبادی کے مطابق 2013 میں محکمہ آر اینڈ بی اوڑی نے گائوں میں پنچ پیر زیارت سے پرائمری سکول تک اڈھائی کلو میٹر سڑک پرکام شروع کیا مگر آٹھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی یہ سڑک تشنہ تکمیل ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ ہر دوسرے سال سو یا دوسو میٹر سڑک تعمیر کرتا ہے مگر بارشوں سے یہاں پسیاں گر آتی ہیں اور سڑک پھرتباہ ہوتی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کے دوران انہوں نے اپنی زمینیں بھی وقف کیں تا کہ ان کی پریشانیاں دور ہو سکیں مگر ایسا ابھی تک نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ وہ مریضوں کوہسپتال پہنچانے کیلئے آج بھی چارپائیاںہی استعمال میں لاتے ہیں۔لوگوں نے لیفیٹننٹ گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
وادی میں ہولی سادگی کے ساتھ منائی گئی
سرینگر //کو رونا وائر س کے پیش نظروادی میںرنگوں کا تہوار ’ہولی ‘روایتی جوش وخروش مگر سادگی کے ساتھ منایاگیا جس دوران ہندوطبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مندروں میں پوجا پاٹ کا اہتمام کیاجبکہ فوجی اور نیم فوجی دستوں کے علاوہ سیاحوںنے بھی یہ تہوار دھوم دھام کے ساتھ منایا ۔اس موقع پر مندروں میں چراغاں کیاگیا تھا ۔سرینگر کے ہنومان مندر اور دیگر مندروں میں بھی ہندوطبقہ سے وابستہ لوگوں کا تانتا بندھا رہا ۔شہر سرینگر اور دیگر قصبوں میں قائم فورسز کیمپوں اور بنکروں میں فوجی اور نیم فوجی اہلکاروں نے یہ تہوار جوش وخروش کے ساتھ منایا ۔ شہرئہ آفاق گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات پر ہندوطبقے سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ ہولی منائی۔
نیشنل کانفرنس کی مبارکباد
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہولی کے موقع پر ہندو طبقے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ صدیوں سے اپنی فرقہ دارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک دوسرے کو اُن کے تہواروں پر مبارکباد اور خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تہوار انسانیت، ہمدردی ، پیار محبت اور اتحاد واتفاق کا درس دیتے ہیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا اور صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی کے علاوہ پارٹی لیڈر رتن لعل گپتا، بھوشن لعل بٹ اور جگدیش سنگھ آزاد نے بھی اِس تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
حلقہ ادب سوناواری کے انتخابات
شاکر شفیع صدراورڈاکٹر ریاض الحسن جنرل سیکریٹری منتخب
بارہمولہ// حلقہ ادب سوناواری کے انتخابات اتوار کو عمل میں لائے گئے جس میں شاکر شفیع صدر، شیخ غلام محمد نائب صدر، ڈاکٹر ریاض الحسن جنرل سیکریٹری، سہیل فاروق خزانچی، اظہر حاجنی میڈیا سیکریٹری جبکہ ساگر سرفراز لائبریرین منتخب کیا گیا۔ ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ اور دیگر عہدیداروںنے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم کئی برس سے علاقے میںعلمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ ادبی مرکز کمراز نے امیدظاہر کی کہ تنظیم کے نو منتخب عہدیداراِن روایات کو آگے بڑھائیں گے اور یہ تنظیم حسبِ سابق علاقے میں علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیتی رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گرین کالونی اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر نازکی ،نائب تحصیلدار عبدلرشید صوفی ودیگر افسران تھے۔ کالونی میں لوگوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متعلقہ تحصیلداروں اور دیگر افسران کو لوگوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے متحرک کیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا جلیل اندرابی کو خراج عقیدت
سرینگر// ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے صدر کورٹ سرینگرمیںمرحوم جلیل اندرابی کو ان کی 25 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر دیگر وکلاء کے علاوہ کنوینر ایڈوکیٹ نذیر حمد رونگہ،ایڈوکیٹ جی این شاہین ، محمد امین بٹ ، ارشد اندرابی ، پروفیسر نور بلال ، محمد اشر ف بٹ ، اشرف وانی ، نور الامین ، اے اے تیلی، ہلال نورانی اور بنت مسلم نے بھی خطاب کیا اور مرحوم جلیل اندرابی کوخراج عقیدت پیش کیا ۔مقررین نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ صحیح سمت میں ایک قدم ہے لیکن اتنا ہی کافی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا’’حکومت ہند اور پاکستان کو چاہئے کہ وہ ا لائن آف کنٹرول پرتجارت اور سفر کی اجازت دیں‘‘۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل اور دوستانہ حل کے تلاش کے لئے معاشرتی سیاسی اور معاشی امنگوں اور مشترکہ طور پر سمجھوتہ کے لئے دونوں متعلقہ حکومتوں کو بین الاقوامی برادری اور انٹرا کشمیر ڈائیلاگ کی طرف سے متوجہ کرنا چاہئے۔ سینئر ایڈووکیٹ جی این شاہین نے یہ تجویز پیش کی کہ نامزد وکلا وفد کو امن عمل کے آغاز کے لئے دہلی اور اسلام آباد جانے کی اجازت دی جائے تاکہ یہ وفد لوگوں کے مختلف طبقوں سے بات چیت کرے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیرزادہ غلام محی الدین قادری ساکن پانپورکے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے فرزند جاوید احمد قادری اور رکن پارلیمان حسنین مسعودی کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عرفان احمد شاہ، ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مولانا ہمدانی کی شب برات پرمبارکباد
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا مولوی ریاض احمدہمدانی نے شب برات کی مقدس تقریب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس اور بابرکت شب کے بارے میں کہا کہ اللہ نے اس شب کوبڑی فضیلت عطاکی ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن و حدیث کی تعلیمات سے اپنی اولاد کوآراستہ کریں اور نماز قائم کرنے کی تلقین کریں۔
یوم ولادتِ امام مہدیؑ
آغا حسن کا تہنیتی پیغام،خندہ میں پیروان ولایت کی تقریب
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان نے حضرت حجت ابن حسن ؑ کے یوم ولادت اور شب برات کے متبرک موقع پر ایران کے رہنما سید علی خامنہ ای اور سید علی سیستانی کی خدمت میں ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے دنیامیں امن و سلامتی اور سر بلندی کیلئے دعا کی۔تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن نے امام زمانہ ؑ کے ظہور کومظلومین عالم کے لئے نجات ابدی کی نوید قرار دیا۔انہوں نے فرزندان توحید کو شب برات کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس رات اپنے فیوض و برکات اور عظمت کے حوالے سے کافی اہمیت کی حامل ہے اورشب قدر کے بعد یہ ایسی دوسری مقدس رات ہے ۔ادھرپیروان ولایت کے اہتمام سے خندہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں علماء اور دانشوروںنے فلسفہ انتظار کے عنوان پر روشنی ڈالی۔پیروان ولایت کے سربرا مولانا سبط محمد شبیر قمی نے فلسفہ انتظار کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔