بغداد/یو این آئی//افغانستان سے مکمل امریکی انخلاء کے بعد عراق میں الفتح الائنس کے رہنما نے عراق سے امریکہ کو انخلا کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔شفق نیوز رپورٹ کے مطابق عراق میں الفتح الائنس کے رہنما ہادی العامری نے کہا کہ عراق سے امریکا سمیت تمام غیر ملکی فورسز کو دو ہزار اکیس کے اختتام تک نکل جاناچاہیئے۔انہوں نے کہا کہ عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد عراق کی سڑکوں پر ہتھیاروں کی نمائش نہیں ہوگی، ہادی العامری کا کہنا ہے کہ عراق میں پر امن انتقال اقتدار بیلٹ باکس کے زریعے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ اگلے ماہ کی دس تاریخ کو عراق میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن پہلے ہی عراق میں اپنے فوجیوں کا جنگی کردار ختم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے یہ اعلان ستائیس جولائی کوعراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی سے بات چیت کے دوران کیا۔