مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے دور افتاد ہ گائوں پٹھانہ تیر میں محکمہ بجلی کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے گزشتہ کچھ ہی عرصہ میں 2نوجوانوں کی زندگی چلی گئی ہے ۔گائوں کے اکثر مقامات پر محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے بچھائی گئی ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبو ں کیساتھ باندھی گئی ہیں جس کی وجہ سے گائوں میں بجلی کا نظام ہی متاثر ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پرالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد ہونے والے سبھی عوامی اجلاس میں علاقہ میں بجلی کی سپلائی کو معیاری بنانے کیلئے اپیلیں کی گئی ہیں لیکن وقت پر اعلیٰ آفیسران کے سامنے یقین دہانیاں کروانے کے بعد زمینی سطح پر کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین گائوں میں صرف بجلی کے بھاری بل پہنچانے کیلئے آتے ہیں جبکہ بجلی کے خستہ حال نظام کو ٹھیک کرنے اور ترسیلی لائنوں کیلئے پختہ کھمبوں کی فراہمی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی انتہائی درجہ کی غیر سنجید گی کی وجہ سے گزشتہ دنوں میں ایک نوجوان کی موت واقعہ ہو ئی ہے جبکہ کچھ ہی عرصہ قبل ایک اور شخص کی بھی بجلی کیساتھ لگنے کی وجہ سے مو ت واقعہ ہوگئی تھی ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ پٹھانہ تیر گائوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کو معیاری بنایا جائے ۔