واشنگٹن// امریکی صدر جوبائیڈن نے نائن الیون واقعے سے متعلق خفیہ دستاویزات جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے محکمہ انصاف اور دیگر ایجنسیوں کو حکم دے دیا ہے کہ نائن الیون کی دستاویزات جاری کی جائیں۔ امریکی صدر کی جانب سے یہ حکم نائن الیون واقعے کو 20 سال مکمل ہونے سے کچھ روز قبل سامنے آیا ہے۔امریکی صدرنے تحقیقات کی خفیہ دستاویزات 6ماہ میں جاری کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب میں نے صدر کا الیکشن لڑتے وقت وعدہ کیا تھا کہ نائن الیون واقعے کی خفیہ دستاویزات کی شفافیت کو یقینی بناؤں گا۔انہوں نے کہا کہ نائن الیون واقعے میں 2 ہزار 977 بیگناہ لوگوں کے اہلخانہ کے درد کو نہیں بھولنا چاہیے۔