سرینگر//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر جموںشاہراہ اور جنوبی کشمیر ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ہفتے کو دو روز بعد ٹریفک کی نقل وحمل بحال ہوئی۔ تاہم کشمیر ٹرین سروس ہنوز معطل ہے۔بزرگ لیڈر سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے پیش نظر ان دونوں شاہراﺅںپر جمعرات اورجمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل احتیاطی طور پر معطل رہی۔ شاہراہ کو ہفتے کی صبح دو دن بعد ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھول دیا گیا۔ چھوٹی گاڑیوں کو دو طرفہ جبکہ بڑی گاڑیوں اور فوجی کانوائے کو جموں سے سرینگر جانے کی اجازت دی گئی ۔ادھر تاریخی مغل روڈ پر بھی ہفتے کو دو دن بعد ٹریفک کی آمد و رفت بحال کر دی گئی۔ اس روڈ پر چھوٹی گاڑیوں کو دو طرفہ جبکہ بڑی گاڑیوں کو شوپیاں سے ضلع پونچھ جانے کی اجازت دی گئی ۔ادھر بارہمولہ بانہال ٹرین سروس سنیچر کو تیسرے روز بھی منقطع رہی۔ٹرین سروس کو جمعرات کے روز بند کردیا گیا تھا۔