کابل//طالبان نے دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔طالبان نے کابل اور دیگر شہروں میں ہوائی فائرنگ سے متعلق واضح ہدایات جاری کردی ہیں، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل اور دیگر شہروں میں تقریبات اور خؤشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے، جس سے بہت سے شہری شہید، زخمی اور خوفزدہ ہوتے ہیں جس کے باعث ملک میں ہوائی فائرنگ پر پابندی لگادی ہے، انہوں نے کہا کہ کابل اور دیگر صوبوں کے تمام عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو فوری گرفتار کریں اور انہیں غیر مسلح کرکے شہر بدر کردیں۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت اور سزا کے لیے پولیس سربراہان اور انٹیلی جنس حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ وادی پنجشیر پر طالبان کے قبضے کے بعد کابل اور دیگر شہروں میں خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ میں متعدد افراد کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں۔