حیدر پورہ اور عیدگاہ میں جزوی بندشیں، ٹرین سروس بھی ہنوز معطل
سرینگر// صوبائی انتظامیہ نے وادی کے 8اضلاع میں 5روز بعد موبائل انٹر نیٹ سروس بحال کردی تاہم سرینگر اور بڈگام اضلاع میں اسے بدستور بند رکھا گیا ہے، جسے آج شام بحال کرنے کا امکان ہے۔انتظامیہ کی جانب سے شام ساڑھے 7بجے پہلے ائر ٹیل اور 8بجے جیو نیٹ ورک پرموبائل انٹر نیٹ سروس بحال کی گئی۔جنوبی کشمیر کے 4اضلاع، وسطحی کشمیر کے گاندربل اور شمالی کشمیر کے 3اضلاع میں بیک وقت موبائل انٹر نیٹ سہولیات بحال کی گئیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ضلع سرینگر اور بڈگام میں یہ سہولیات منگل کی شام تک بحال ہونے کا امکان ہے۔ادھربزرگ علیحدگی پسند لیڈرسید علی شاہ گیلانی کے یکم ستمبر کو انتقال کے بعد پیر کو 5ویں روز وادی میں روزمرہ کی صورتحال مکمل طور پر بحال ہوئی۔تاہم امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے حکام نے حیدر پورہ اور عید گاہ کی طرف جانے والے راستوں کو مسدود کر دیا تھا اورعلاقے میں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔عید گاہ کے گرد و پیش کے حالات کی نگرانی کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔
وادی میں موبائل انٹرنیٹ خدمات پیر کو مسلسل پانچویں روز بھی دن بھر معطل رہیں وہیں کشمیر ٹرین سروس بھی جمعرات سے تواتر کے ساتھ معل ہے۔ پیر کوعید گاہ کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا تھا اور سیکورٹی کی مزید نفری تعینات تھی۔کئی جگہوں پر سڑکوں پر خاردار تار بھی بچھا دی گئی تھی۔ شہر کے دیگر حصوں بشمول تجارتی مرکز لالچوک کے بازاروں میں دکانیں کھلی تھیں جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی جاری تھی۔ شہر کے بعض علاقوں میں صبح کے وقت بازار بند تھے تاہم بعد میں رفتہ رفتہ دکان کھلنے لگے۔شہر میں کسی جگہ پر بھی بندشیں عائد نہیں رہیں۔شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور ،جو گیلانی کا آبائی وطن ہے، میں پیر کے روز معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔ قصبے کے بازار کھلے رہے جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معمول کے مطابق جاری رہی۔شمالی کشمیر کے دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں بھی معمولات زندگی بطور مجموعی بحال ہوئیں۔جنوبی کشمیر کے بھی سبھی اضلاع میں پیر کے روز تجارتی سرگرمیاں بحال ہوئیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی آوا جاہی جاری رہی۔وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اگرچہ پیر کی صبح بازار بند رہے تاہم بعد میں دکانیں کھل گئیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہی۔دریں اثناء وادی میں موبائل انٹرنیٹ اور ریل خدمات پیر کو پانچویں روز بھی معطل رہیں۔حکام نے اگرچہ وادی میں موبائل کالنگ(وائس) خدمات کو بحال کر دیا ہے لیکن موبائل انٹرنیٹ خدمات پیر کو پانچویں روز بھی مسلسل بند رہیں جس سے طلبہ، تجار و ویگر پیشہ ور لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔