بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے پسماندہ علاقہ منگت میں چند رو زپہلے آگ کی ایک واردات میں چھ کنبوں پر مشتمل دو رہائشی مکان جل کر راکھ ہوگئے تھے اور چھ کنبوں کے چالیس کے قریب افراد خانہ کھلے آسمان کے نیچے آگئے۔مقامی سطح پر کھڑی۔مہومنگت کے رضاکاروں نے امدادی کاروائی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے وہ وہ منگت کے آتشزدگی متاثرین کی مدد کیلئے سامنے آئیں۔ بدھ کے روز مقامی رضاکار تنظیم ابابیل فاؤنڈیشن منگت نے اسی امداد مہم کی کڑی کے طور اپنی ایک ٹیم کو متاثرہ علاقے میں بھیج دیا اور بے گھر ہوئے کنبوں میں ٹین کی پچاس کے قریب شیٹیں بطور مدد پیش کی گئیں۔ فاؤنڈیشن نے آئندہ بھی امدادی کام جاری رکھنے کا کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل سلام فاونڈیشن مہو نے بے گھر ہوئے کنبوں سے امداد کے طور بستر سمیٹ اور کمبل تقسیم کئے تھے۔ کھڑی مہو منگت کی مقامی رضاکار تنظیموں نے بانہال کے لوگوں اور رضاکار انجمنوں سے امداد کی اپیل کی ہے تاکہ بے گھر ہوئے چھ کنبوں کو برفباری سے قبل چھت فراہم کرنے کی کوشش میں مدد بہم پہنچائی جا سکے۔