جموں //کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ کچھ دنوں میںکشمیری پنڈتوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے کچھ خاندان جموں واپس آ گئے ہیں۔نگروٹا کے ایک معروف سماجی کارکن اشوک کمار کول نے بتایا "کچھ خاندان اور ملازمین کشمیرمیں خوف کی وجہ سے مختلف جگہوں پرجموں واپس آئے ہیں۔ میں نے نگروٹا اور جگتی میں پانچ سے چھ ملازمین کے بارے میں سنا ہے جو واپس آئے ہیں‘‘۔انہوں نے کچھ خاندانوں کی واپسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو ملازمین سرینگر میں کرائے پر رہ رہے تھے وہ خطرے میںہیں اور ایسے ملازمین کو متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے ذریعہ مناسب اور محفوظ رہائش فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ "خوف کے باوجود بہت سے خاندان اب بھی وادی کے کچھ حصوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں اور انہیں تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کیا جانا چاہیے"۔ان کا کہناتھا’’ہم کشمیر میں اپنے بھائیوں کے ساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں۔ ہمیں عام لوگوں کے خلاف کوئی شکایت نہیں ہے۔ وہ ہمارے ساتھ اچھے ہیں۔ تاہم کچھ عناصر ایسے ہیں جو چنندہ قتل سے امن اور روایتی بھائی چارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘‘۔دریں اثنا چیئرمین آل سٹیٹ کشمیری پنڈت ایکتا منچ چاند جی بھٹ نے بتایا "موجودہ منظر نامے میں کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی ممکن نہیں ہے۔ ہم کشمیری پنڈت ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے خاص طور پر ضلع سری نگر میں رہائش اور سکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہیں جو ابھی فراہم نہیں کی گئی ہے‘‘۔انہوںنے مزید کہا’’حکومت کو پنڈت ملازمین کو ان کی متعلقہ پوسٹنگ کی جگہ پر رہائش فراہم کرنی چاہیے۔ ان ملازمین کو مشکل اوقات میں کام کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ حکومت کو سرینگر ضلع میں کام کرنے والے پنڈت ملازمین اور جہاں وہ قیام کر رہے ہیں ، کرائے کی رہائش کا ڈیٹا اکٹھا کرنا چاہیے۔ ایسے ملازمین کو فی الحال ایم ایل اے ہاسٹل میں ایڈجسٹ کیا جانا چاہیے‘‘۔جب کچھ پنڈت خاندانوں اور کچھ ملازمین کی جموں واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا " بہت سے پنڈت ملازمین جموں واپس آئے ہیں۔"انہوں نے کہا کہ تاہم کوئی بھی خوف کی وجہ سے بات کرنے کے لیے آگے نہیں آنا چاہتا۔انہوں نے مزید کہا "پنڈت ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک خوشگوار اور محفوظ ماحول بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ یہ محسوس نہ کریں کہ وہ اقلیت میں ہیں"۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا کچھ کشمیری پنڈت خاندان کشمیر سے جموں واپس آئے ہیں ، کہا "یہ تب ہوتا ہے جب انہیں لگتا ہے کہ کچھ ہے۔ یہ خاندان کشمیر میں ملازم ہیں‘‘۔کول نے کہا کہ ’’چنندہ قتل پہلی بار کشمیر میں نہیں ہو رہے ہیں۔ کیا آپ نے برہان وانی (اس کے قتل اور اس کے بعد احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے) کے دوران کشمیر سے جموں واپس آنے والے ملازمین کو نہیں دیکھا؟ یہ کشمیر میں ہوتا ہے۔ تم کیا کر سکتے ہو؟تاہم اُس وقت بھی وہ لوگ حالات میں بہتری کے بعد واپس کشمیر آ گئے تھے‘‘۔انہوں نے مزید کہا: "جب حالات بہتر ہوں گے ، وہ وادی میں واپس آ جائیں گے (بظاہر ملازم کے خاندانوں کا حوالہ دیتے ہوئے جو حال ہی میں جموں واپس آئے ہیں)‘‘۔