بانہال// بانہال کے بنکوٹ علاقے میں ریلوے تعمیراتی کمپنیوں کی طرف سے ٹنلوں کی کھدائی کے دوران بھاری بلاسٹنگ سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہو گیا ہے اور منگل کو مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹنل پر جاری کام کو سوموار کی رات سے منگل کی صبح تک بند کر دیا، تاہم بعد میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران کی یقین دہانی کے بعد کام کو منگل کی صبح بحال کیا گیا۔ بانہال سے اڑھائی کلومیٹر کی دوری پر واقع زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر 77 کے اندر ABCI اور BCC نامی تعمیراتی کمپنیاں کھدائی کا کام کر رہی ہیں اور اس ٹنل کے اوپر اور اس کی مرکزی لائین کے ایک سو میٹر کے دائرے میں بنکوٹ ، گیری پورہ ، کوٹس ، چھاناڑ اور درمنن کی بستیاں آتی ہیں اور بیشتر بستیاں اس پروجیکٹ کی وجہ سے نقصانات سے دوچار ہیں۔ چھاناڑ اور میر پورہ درمنن کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کی شام زیر تعمیر ریلوے ٹنل کے ا ندر زور دار بلاسٹنگ کے دھماکے کئے گئے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں مکانوں کے در و بام ہل گئے اور چھاناڑ اور درمنن کے لوگ خوف و دہشت کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹنل کے اندر اس بارودی دھماکے کی زور دار آواز سے چھاناڑ کے علاقے میں نظیر احمد نجار کی اہلیہ کچھ وقت کیلئے بے ہوش ہوگئی جبکہ پہلے سے ہی ٹنل کے اندر دھماکوں کی وجہ سے اس علاقے کے نقصان زدہ رہائشی مکانوں میں مزید دراڑیں پڑ گئیں ہیں اور لوگوں میں ڈر کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جولائی کے مہینے میں بھی تعمیراتی کمپنی نے زور دار بلاسٹنگ کی تھی اور اس سے چھاناڑ ، درمنن اور میر پورہ کی بستی کے کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تھا، جس کا معاوضہ ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں عوامی احتجاجی مظاہرے اور ٹنل کا کام روکنے کے بعد تحصیلدار بانہال، ایس ایچ او بانہال ، ارکان انٹرنیشنل اور تعمیراتی کمپنی ABCI کے اعلیٰ افسران نے چھاناڑ کی نقصان زدہ بستی کا دورہ کیا تھا اور آئندہ سے زور دار بلاسٹنک پر مکمل بندش اور رہائشی مکانوں کے نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب چار مہینے کا وقت گزر گیا لیکن نہ چھاناڑ کے نقصانات سے دوچار لوگوں کو معاوضہ ادا کیا گیا ہے اور نہ ہی بھاری بلاسٹنگ پر روک لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام بلاسٹنگ کے بعد چھاناڑ اور درمنن کے لوگوں نے زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر 77 ڈی کے باہر احتجاج کیا اور جاری کام کو روک دیا تھا جو منگل کی صبح گیارہ بجے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام بانہال پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ چھاناڑ بنکوٹ کے لوگوں نے بتایا کہ محمد اشرف نجار اور محمد اصغر نجار کی قیادت میں ایک وفد نے منگل کے روز ایس ڈی ایم بانہال کو بھاری بلاسٹنگ کے واقع کی نسبت سے ایک تحریری درخواست پیش کی ،جنہوں نے اس بارے میں تحصیلدار بانہال کو رپورٹ کرنے کیلئے کہا ہے اور تحصیلدار نے متعلقہ نائب تحصیلدار کو موقع کی رپورٹ دینے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلوے پروجیکٹ کی زد میں آئے ،بنکوٹ چھاناڑ کے لوگوں کے معاوضے کے بارے میں ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور ارکان انٹرنیشنل اور تعمیراتی کمپنیوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔