پونچھ//پوری دنیا کی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی بابا گورو نانک دیو جی کی یوم پیدائش مذہبی عقیدت و احترام کےساتھ منائی گئی ۔اس سلسلہ میں خطہ کے مختلف مقامات پر سکھ مذہب کے ماننے والوں کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پونچھ میںبابا گرونانک دیو جی کا پرکاش پرو(یوم پیدائش) مذہبی جوش و خروش کے سات منایا گیا ۔اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب پونچھ کے گردوارہ سنگھ سبھا میں منعقد ہوئی جہاں گرو کیرتن کا اہتمام کیا گیا اور پونچھ کے معروف راگھی جتھوں نے کیرتن کیاجبکہ اس دوران مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ تشدداور جرائم سے بھری دنیاکے لئے گرونانک دیوجی کی تعلیمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرونانک دیو جی نے دنیا کو امن وآشتی اوربھائی چارہ کا پیغام دیا وہ تمام انسانوں کو برابرسمجھتے تھے اوران کے بیچ اونچ نیچ کے بھید بھاﺅ کو غلط مانتے تھے وہ تصوف سے گہرالگاﺅ رکھتے تھے،یہی سبب ہے کہ آج بھی ان کے ماننے والوں میں اس کا اثرنظر آتاہے۔انھوں نے کہا کہ گرونانک جی کی تعلیمات کی اہمیت صدیاں گزرنے کے بعدبھی کم نہیں ہوئی ہے بلکہ بڑھتی ہی گئیں۔واضح رہے کہ گرو نانک دیو سکھ مت کے بانی اور پہلے گرو تھے، سکھ مت میں ان کی یوم پیدائش کو پرکاش پرو یا گرو پرب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سرحدی ضلع پونچھ میں سکھ مت کے ماننے والے اس تہوار پر ہرسال پربھات پھیریاں نکالتے تھے ، اور اس دن نگر کیرتن کا اہتمام کیا جاتا تھا لیکن دو سال سے کوڈ19کی وجہ سے پربھات پھیریاں اور نگرکیرتن بر آمد نہیں ہوسکیں ہیں ۔اس موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں اور گرودواروں کو روشنیوں سے سجایا جبکہ کہ گردوارہ مہنت صاحب پونچھ، گرودوارہ پیپل والا پونچھ ، اور دیگر چھوٹے بڑے گردواروں میں تقریبات منعقد کی گئی ۔بلبیر سنگھ سکریٹری گرورام داس سیوا سوسائٹی پونچھ نے اس موقعہ پر تمام عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرو نانک دیو جی1469 عیسوی میں کارتک پورنیما کے دن پیدا ہوئے تھے۔ وہ موجودہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تلونڈی نامی مقام پر پیدا ہوئے۔ جہاں آج ننکانہ صاحب نام کا گرودوارہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب گوردوارہ مہاراجہ رنجیت سنگھ نے بنوایا تھا۔انھوں نے کہا گرو نانک دیو جی ایک عظیم دھارمک انقلابی، سماجی مصلح اور قوم پرست گرو تھے۔ گرو نانک کی شخصیت میں ایک فلسفی، ایک یوگی، ایک گھریلوانسان، ایک مذہبی مصلح، ایک سماجی مصلح، ایک شاعر، ایک محب وطن اور ایک وشوبندھو کی خصوصیات تھیں۔ انہوں نے اپنی زندگی، معاشرے کی برائیوں کو دور کرنے کےلئے وقف کر دی۔ گانہوں نے کہا کہ وہ آج کے دن لوگوں کو محبت، اتحاد، مساوات، اخوت اور روحانی روشنی کا پیغام دیتے ہیں۔اسی طرح نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی سکھ مذہب کے ماننے والوں کی جانب سے گردوروں میں پروگرام منعقد کئے گئے تھے جس کے دوران نگر کیر تن کےساتھ ساتھ دیگر مذہبی رسومات بھی ادا کی گئی ۔