عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ /جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں بھدرواہ- پٹھان کوٹ شاہراہ پر واقع چھترگلہ پاس پر شدید برف باری کے بعد پھنسے 40 فوجیوں اور 20 شہریوں کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 کلومیٹر طویل برف سے ڈھکی ہوئی سڑک کو کھول کر محفوظ نکال لیا۔ یہ بچاؤآپریشن جنوری 26 کی دیر رات تک جاری رہا اور اس میں بی آر او کی 118 روڈ کنسٹرکشن کمپنی نے حصہ لیا۔آفیسر کمانڈنگ 118 آر سی سی بھدرواہ، جیوی تییش نے بتایا کہ یہ آپریشن اسی دن شروع کیا گیا جب مغربی ہوا کےسبب شدید برف باری نے اس اسٹریٹیجک پاس کو مکمل طور پر بلاک کر دیا۔ جمع شدہ برف پانچ سے چھ فٹ تک تھی، جس کی وجہ سے 4 راشٹریہ رائفلز کا ایک قافلہ اپنے ہتھیاروں اور ذخائر کے ساتھ پھنس گیا اور کئی شہری گاڑیاں بھی راستے میں رک گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آر سی سی نے فوری طور پر برف صاف کرنے والی مشینری اور عملے کو متحرک کیا اور سخت سرد موسم میں 40 گھنٹے مسلسل محنت کر کے 38 کلومیٹر طویل سڑک کھول دی۔ اس کے نتیجے میں پھنسے ہوئے فوجی اور شہری محفوظ طور پر نکالے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے دوران شدید ہوائیں اور حد بصارت کم ہونے کی وجہ سے کام انتہائی مشکل تھا اور 10,500 فٹ کی بلندی پر درجہ حرارت اور ماحول کسی بھی لمحے مہلک ثابت ہو سکتا تھا۔
بھدروا سے بنی-بسوہلی جا نے والے متاثرہ شہریوں نے بی آر او کے اہلکاروں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ امید ختم ہونے کے قریب تھے جب بی آر او کی ٹیم فرشتوں کی مانند نمودار ہوئی۔ انہوں نے نہ صرف راستہ صاف کیا بلکہ گرم چائے فراہم کی اور حوصلہ بھی دیا۔ ایک شہری غلام نبی نے بتایاہماری گاڑیاں برف میں دب گئی تھیں اور درجہ حرارت تیزی سے کم ہو رہا تھا، بی آر اوکی ٹیم نے ہمارے لیے زندگی کی امید پیدا کردی۔
چھترگلہ پاس ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع کو جوڑتا ہے اور سردیوں میں یہاں شدید برف باری عام ہے، جس کی وجہ سے سڑک کی دیکھ بھال ایک مشکل کام بن جاتی ہے۔ اس آپریشن نے پروجیکٹ سمپرک کی کامیابی میں ایک اور اضافہ کیا ہے، جو اس اسٹریٹیجک علاقے میں سڑک کے نیٹ ورک کو برقرار رکھتا ہے۔
بھدروا میں بی آر او نے دس ہزار فٹ کی بلندی پر پھنسے 40 فوجیوں اور 20 شہریوں کو بچایا