عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں کے بنٹالاب علاقے میں زیرِ تعمیر پل کا ایک حصہ منہدم ہونے سے تین مزدور جاں بحق جبکہ ایک مزدور کو زندہ بچا لیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران فائر سروس کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔
حکام کے مطابق حادثہ تھتھر، بن تالاب میں پیش آیا جہاں چار مزدور پل کے نیچے کام کر رہے تھے کہ اچانک ڈھانچے کا ایک حصہ گر گیا اور وہ ملبے تلے دب گئے۔
سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جمعہ کی دیر شام دو لاشیں اور ایک زخمی مزدور کو ملبے سے نکال لیا گیا تھا، جبکہ تیسرے مزدور کی لاش ہفتہ کی صبح برآمد کی گئی۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس، فوج، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
زخمی مزدور کو زندہ نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ اندھیرے اور بھاری ملبے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں، تاہم تقریباً 10 گھنٹے جاری رہنے والی کارروائی کے بعد جے سی بی مشینوں اور دیگر بھاری آلات کی مدد سے ملبہ ہٹا کر باقی تینوں مزدوروں کو نکال لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن اب مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پل گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جموں میں زیرِ تعمیر پل کا حصہ منہدم، 3 مزدور جاں بحق، ایک زندہ بچا لیا گیا