عظمیٰ ویب ڈیسک
پہلگام/جنوبی ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں ہفتہ کے روز ایک دلخراش سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق تویرا گاڑی زیر نمبر JK21A-0379 پہلگام سے آڑو ویلی کی جانب جارہی تھی کہ منڈلن کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک سے پھسل گئی اور گہری کھائی میں جاگری۔
حکام نے بتایا کہ حادثے میں ایک سیاح موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک نے بعد میں اسپتال میں دم توڑ دیا۔
مہلوکین کی شناخت باون بھوسار اور ان کی اہلیہ اوین بھوسار ساکنان گجرات کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں میں نینا زوجہ اشوک بھائی، اشوک نینا ساکنان گجرات، اور رئیس احمد بٹ ساکن پہلگام شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پہلگام میں دلخراش سڑک حادثہ، 2افراد جاں بحق، 3 دیگرزخمی