عشرت حسین بٹ
سرینگر/مغل روڈ پر چھتہ پانی کے قریب ایک گاڑی نالے میں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر لاپتہ ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق چار افراد پیر کے روز مغل روڈ پر سفر کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔ علاقے میں تازہ برفباری کے باعث سڑک پھسلن زدہ ہوگئی تھی، جس کے بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
منگل کے روز جاری آپریشن کے دوران گاڑی کو چھتہ پانی کے مقام پر ایک نالے میں تلاش کر لیا گیا۔ جائے حادثہ سے دو لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ باقی دو لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مغل شاہراہ پر المناک حادثہ، نالے میں گاڑی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 2 لاپتہ