رام اللہ//شمال مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب واقع قصبہ قبطیہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 15 فلسطینی جاں بحق ہوۓ ہیں جبکہ بدھ کی صبح فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں دو فلسطینی مارے گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو میں قبطیہ میں شدید جھڑپوں کے دوران گولی لگنے کے فوراً بعد دو نوجوانوں کے جسم خون سے شرابورہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ بکتر بند گاڑیوں سے لیس اسرائیلی فوجیوں کے ایک دستے نے مطلوبہ فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے قبطیہ کے مرکز پر دھاوابول دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں فلسطینی شدت پسندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں اور فائرنگ ہوئی۔ قصبے میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک تیسرا فلسطینی شہری شدید زخمی ہوا۔ اسے اسرائیلی فوجیوں نے شہر سے باہر نکلنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا۔
ادھر غزہ پٹی میں سلسلہ وار اسرائیلی حملوں میں اسلامی جہاد گروپ کے تین رہنما اور دیگر 12 افراد جاں بحق ہوگئے، دونوں فریقین کی جانب سے کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔
پاکستان کے ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطا بق اسلامی جہاد نے فجر سے قبل 40 اسرائیلی طیاروں کے حملے میں ہونے والی اموات کا ’بدلہ‘ لینے کا عزم ظاہر کیا۔
ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ’اپنے دشمنوں‘ کو خبردار کیا کہ وہ ’ہمارے ساتھ الجھیں نہیں‘۔
گنجان آباد ساحلی پٹی میں اسرائیل کا پہلا فضائی حملہ رات 2 بجے ہوا جس کے بعد 2 گھنٹے تک اہداف کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔
غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
حملوں کے نتیجے میں کچھ عمارتوں کو آگ لگ گئی اور دیگر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے اسلامی جہاد کے تین رہنماؤں اور ساتھ ہی اس کے ’ہتھیار بنانے والے مقامات‘ کو بھی نشانہ بنایا۔
فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری نے بےگناہ لوگوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا لیکن کہا کہ اس سے بچنا مشکل ہے کیونکہ ’ہم دہشت گردوں کے خلاف کام کر رہے ہیں جو رات دن شہریوں کے درمیان رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں‘۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اسلامی جہاد کے رکن تھے جو سرحد پار حملہ کرنے سے پہلے ’کار کے ذریعے ٹینک شکن گائیڈڈ میزائلوں کو لانچنگ پیڈ پر لے جا رہے تھے‘۔
صبح کے حملے کے بعد اسلامی جہاد نے جوابی کارروائی کا عزم کیا، ترجمان داؤد شہاب نے خبردار کیا کہ ’مزاحمت سمجھتی ہے کہ صہیونی (اسرائیل) کی گہرائی تک تمام شہر اور بستیاں اس کی آگ کی زد میں ہوں گی‘۔
غزہ پٹی پر فضائی حملوں اور اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 17 فلسطینی جاں بحق