عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/ضلع ڈوڈہ کے رگی نالہ علاقے میں پیر کے روز شدید بارشوں کے دوران پہاڑی سے گرآنے والے پتھروں اور ملبے کی زد میں آکر ایک مسافر بس سمیت متعدد گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق پہاڑی سے اچانک گرآنے والے پتھروں اور ملبے کی زد میں شاہراہ پر چلنے والی گاڑیاں آ گئیں، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد مسلسل لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خطرے کے پیش نظر جموں-سری نگر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک سے ملبہ ہٹانے اور بحالی کا کام جاری ہے، تاہم خراب موسمی حالات کے باعث شاہراہ کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شاہراہ کو محفوظ قرار دیے جانے تک سفر نہ کریں۔
ڈوڈہ کے رگی نالہ میں پتھر گرآنے سے بس حادثے کا شکار، دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی