عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے مانسون کی طرح پارلیمنٹ کا مانسون سیشن بھی سرگرم اور نتیجہ خیز رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی سرگرم ہوں گے تو ملک کی بھلائی ہوگی ۔ مودی نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن پیر کو پارلیمنٹ کے احاطے میں کہا، ہم دعا کرتے ہیں کہ مانسون بھی سرگرم رہے اور مانسون سیشن بھی نتیجہ خیز رہے۔ جب دونوں پروڈکٹیو ہوتے ہیں تو ملک کا کلیان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ہندوستان نے قومی، بین الاقوامی اور خلائی شعبے میں کئی ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن سے ہر ہم وطن فخر محسوس کر سکتا ہے۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ سال مانسون سیشن سے ایک دن پہلے ایک ہندوستانی شہری بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پہنچا تھا اور اس بار سیشن سے دو دن پہلے ہی ایک ہندوستانی نوجوان اسٹارٹ اپ نے خلائی شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف اتفاق نہیں بلکہ اس بات کا پیغام ہے کہ ہندوستان کے نوجوانوں کی امنگیں اور صلاحیتیں خلا جتنی لامحدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اسٹارٹ اپ میں کام کرنے والے نوجوانوں کی اوسط عمر تقریباً 28 سال ہے اور یہی نوجوان ہندوستان کے مستقبل کو نئی سمت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ریفارم ایکسپریس پر سوار ہو کر آج ملک چل پڑا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان کے نوجوان اتنا بڑا حوصلہ کر پاتے ہیں اور کامیاب بھی ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں راجستھان میں بہت بڑی آئل ریفائنری ملک کے نام وقف کی گئی۔ کچھ ہفتے پہلے ملک کا تیسرا سیمی کنڈکٹر پلانٹ ملک کے نام وقف کیا گیا۔ ابھی کچھ دن پہلے گرین ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین ملک کے نام وقف کی گئی ہے۔ دنیا کے بہت کم ملک ایسے ہیں جن کے پاس یہ سہولت ہے، لیکن ہندوستان نے جو ہائیڈروجن ٹرین ہم وطنوں کے نام وقف کی ہے، وہ سب سے طاقتور انجن والی اور سب سے لمبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جنگ جیسی عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان 7.7 فیصد کی اقتصادی شرحِ نمو کے ساتھ دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی معیشت بنا ہوا ہے، جو ملک کی صلاحیت اور مضبوطی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ترقی کی رفتار پکڑ لی ہے اور پارلیمنٹ کا یہ سیشن اس رفتار کو اور تیز کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے تمام جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ سے بامقصد بحث کرنے، قومی مفاد کو بالاتر رکھنے اور ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے کہا، جہاں حقائق اور دلائل ہوتے ہیں، وہاں طوفان کے لیے جگہ نہیں ہوتی۔ امید ہے کہ یہ سیشن حقائق، دلائل اور قومی مفاد کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گا۔
مانسون اور مانسون سیشن کے سرگرم رہنے میں ملک کی بھلائی : مودی