سرینگر //ہائرسیکنڈری سکول ہرد پنزو بڈگام میں 9طالب علموں کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے سکول 5دنوں کیلئے بند کردیا ہے۔ضلع انتظامیہ بڈگام نے اپنے حکم نامہ زیر نمبر COVID-19/BUD/274-77 بتاریخ 23مارچ 2021میںپرنسپل ہائرسیکنڈری سکول ہرد پنزوکو ہدایت دی ہے کہ 9بچوں کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعدپہلے سے وضع قوائد و ضوابط کے تحت احتیاطی طور پر سکول کو5دنوں تک بند کریں۔ حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ متاثرہ طلبہ کے پرائمری اورسیکنڈری رابطوں کا پتہ لگا کر انہیں گھروں میں قرنطین رہنے کی ہدایت دی جائے۔ بلاک میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر منظور حکیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ہائرسیکنڈری سکول ہرد پنزو میں منگل کو 58طالب علموں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9بچوں کی رپورٹیں مثبت آئیں‘‘۔ڈاکٹر منظور حکیم نے بتایا ’’ بڈگام میڈیکل بلاک میں 160طالب علموں کے تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں صرف 9کی رپورٹیں مثبت آئیں جبکہ 151کی رپورٹیں منفی آئی ہیں‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بڈگام ضلع میں8ہزار اساتذہ میں 12کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔