سرینگر// انتظامیہ نے 2 ڈائریکٹروں سمیت4 انتظامی افسراں کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں جبکہ 2افسراں کو اضافی چارج بھی تفویض کئے گئے۔ محکمہ تعلیم میں پرسنل افسر مزمل مقبول بیگ کو تبدیل کرکے فوری طور پر کلکٹر حصول اراضی، سپیشل فوج (بڈگام، سرینگر) تعینات کیا گیاہے۔ پیر کو جاری سرکاری حکم نامہ کے مطابق ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں وویک شرما کو تبدیل کر کے محکمہ سماجی بہبود کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے،جبکہ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں کرشن لال کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں کا اضافی چارج سنبھالنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق مبارک منڈی ثقافتی سوسائٹی جموں کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر دپیکا کماری شرما کو تبدیل کرکے دستیاب جگہ پر حمایت اسکیم کا چیف آپریٹنگ افسر تعینات کیا گیا۔ ناظم سیاحت جموں وویک آنند رائے کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی مبارک منڈی ثقافتی سوسائٹی جموں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے پیر کو ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق ریلیف آرگنائزیشن(مہاجر) جموں کے تحصیلدار رویندر کمار آنند کو تبدیل کرکے اسسٹنٹ کمشنر مال سانبہ تعینات کیا گیا۔