جموں//گورنر این این ووہر ا جو امرناتھ شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،نے امسال 28جون سے شروع ہونے والے امرناتھ یاترا کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر بوپندر کمار ، ایڈیشنل سی ای او آر کے پنڈتا کے علاوہ شرائین بورڈ کے دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر گورنر کو جانکاری دی گئی کہ یاتریوں کی رجسٹریشن کا عمل یکم مارچ2018ء سے ملک بھر کے 440بینک شاخوں میں شروع ہوگا۔ گورنر نے ا س موقعہ پر سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر ہر ایک بینک شاخ سے رجسٹریشن کی تفصیلات جمع کرنے کے علاوہ رجسٹریشن کرنے والے بینکوں پر یہ باآور کرائیں کہ کسی دِن کے لئے کوٹا سے زیادہ یاتری رجسٹر نہ ہوجائیں ۔انہوںنے کہاکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے کہ 13 برس سے کم اور 75برس سے زیادہ عمر کے کسی بھی یاترا کا اندراج عمل میں نہ لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ درج کئے گئے یاتریوں کو ایک لازمی ہیلتھ سر ٹیفکیٹ جمع کرانی ہوگی۔گورنر نے پہلگام اور بال تل روٹوں پر مختلف قسم کے انتظامات جائزہ لیا۔ انہوں نے گھوڑے مالکان ، ڈانڈی والوں اور پالکی والوں کی بروقت رجسٹریشن کے علاوہ یاتریوں اور دیگر خدمات فراہم کرنے والوں کو انشورنس کور فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سی ای او امنگ نرولہ نے گورنر کو جانکاری دی کہ یاتریوں کے لئے پانی ، بجلی ،صفائی ستھرائی ، طبی نگہداشت اور سلامتی کے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں گے ۔گورنر کو نون ون بنیادی کیمپ پر ایس ٹی پی میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔این این ووہر انے یاترا کے انتظامات کا متواتر طور جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یاترا سے متعلق ہر جانکاری شرائین بورڈ کی ویب سائٹ www.shriamarnathjishrine.com پر اَپ ڈیٹ کی جانی چاہئیں تاکہ مجوزہ یاتریوں کو کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔