جموں//جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین سکلز کمپٹیشن جے اینڈ کے 2018ء میں شرکت کے لئے رجسٹریشن کا عمل 8؍ اپریل 2018ء کو بند ہوگا۔اُمید واروں کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ جے کے ایس ڈی ایم انڈین سکلز کمپٹیشن جے اینڈ کے 2018 کے تحت اپریل مہینے میں کلسٹر اور ریاستی سطح کے سکل مقابلوں کا انعقاد کرے گا۔ا س دوران ریاستی سطح کے مقابلوں سے شارٹ لسٹ کئے گئے اُمید وار علاقائی اور قومی سطح کے سکل مقابلوں میں شرکت کریں گے جو مئی، جون اورجولائی 2018ء کو منعقد کئے جائیں گے۔قومی سطح کے سکل مقابلے جیتنے والے امید واروں کو مزید تربیت دی جائے گی تاکہ وہ کزان روس میں 2019ء میں منعقد ہونے والی ورلڈ سکلز مقابلہ آرائی میں شرکت کرسکیں۔اُمید وار اپنا اندراج ویب سائٹ www.jkssdm.org پر کراسکتے ہیں اور انہیں پہلے ہی وضع کئے گئے ہنر میں مہارت ہونی چاہئے اور ان کی عمر 21برس سے کم ہونی چاہئے ۔نیدر لینڈ میں قائم ورلڈ سکلز ہر دو برس کے بعد دنیا کے مختلف حصوں میں ووکیشنل سکلز کے تحت عالمی چمپئن شپ کا انعقاد کرتا ہے ۔واضح رہے کہ ورلڈ سکلز مقابلہ 2017 میں ابودابئی میں منعقد ہوا تھا جس میں پوری دنیا کے 1300 نوجوانوں نے 21ہنروں میں مقابلہ آرائی میں شرکت کی تھی ۔ اس میں بھارت نے چاندی کا ایک اور کانسے ایک تمغہ حاصل کیا تھا۔