راجوری //راجوری کے پہاڑی ہوسٹل میںتعینات عارضی ملازمین نے پچھلے اٹھارہ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کیا ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی تنخواہ کو فوری طور پر واگزار کرنے کی ہدایات جاری کریں تاکہ ان کے گھر کا چولہا جل سکے ۔ان ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں سرکارکی طرف سے معمولی سی اجرت تعینات کیاگیاہے اور بدقسمتی سے یہ بھی وقت پر نہیں ملتی ۔انہوںنے بتایاکہ وہ ہوسٹل میں کھانابنانے سے لیکر دیگر چھوٹے بڑے کام کرتے ہیں لیکن اٹھارہ ماہ سے انہیں تنخواہ نہیں دی گئی جس وجہ سے گھریلو مسائل میں اضافہ ہوگیاہے ۔ ملازمین نے انتباہ دیا کہ اگر متعلقہ محکمہ عارضی ملازمین کی تنخواہ واگزار کرنے میں لیت ولعل کریگا تو تمام عارضی ملازمین کام چھوڑ ہڑتال کرینگے جس سے ہوسٹل کا نظام بھی درہم برہم ہوسکتاہے ۔۔ جب اس ضمن میں پہاڑی ہوسٹل کے وارڈن سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ہوسٹل میں کام کررہے عارضی ملازمین کا مطالبہ برحق ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی طرف سے جونہی رقومات فراہم ہوتی ہیں تو انہیں تنخواہ دی جائے گی ۔انہوںنے بتایاکہ اس معاملے میں بورڈ کے وائس چیئرمین نے بھی یقین دلایا ہے کہ وہ جلد ہی پہاڑی ہوسٹلوں میں کام کررہے ملازمین کی بقایا جات واگزار کرینگے ۔