محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ علاقے پنچایت چھیلا کے عوام نے اتولی تا چھیلا رابطہ سڑک کی نامکمل تعمیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔مقامی باشندوں کے مطابق چند سال قبل اتولی تا چھیلا رابطہ سڑک کی تعمیر کے لیے ارتھ کٹنگ کا کام شروع کیا گیا تھا، جس سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی اور انہیں امید پیدا ہوئی تھی کہ برسوں سے جاری آمدورفت کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔
تاہم ابتدائی کام کے بعد منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا اور آج تک سڑک مکمل نہیں ہو سکی، جس کے نتیجے میں عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران سڑک کی حالت انتہائی خراب ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت تقریباً ناممکن بن جاتی ہے۔ لوگوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء ، راشن اور دیگر ضروری سامان دور دراز علاقوں سے پیدل لا کر اپنے گھروں تک پہنچانا پڑتا ہے۔ طلبہ و طالبات کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ بیمار، معمر اور معذور افراد کے لیے طبی مراکز اور ہسپتالوں تک بروقت پہنچنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ متعدد نوجوانوں نے روزگار کے حصول کی غرض سے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدی تھیں، مگر سڑک کی خستہ حالی کے باعث گاڑیوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے جس سے انہیں مالی خسارے اور معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے بھی حکومت اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس اہم رابطہ سڑک کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر سڑکیں کسی بھی خطے کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتی ہیں اور اتولی تا چھیلا سڑک کی تکمیل سے علاقے میں تعلیمی، سماجی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ عوام کی دیرینہ مشکلات کا بھی خاتمہ ہو سکے گا۔