راجوری//جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فوجی طاقت کا بے تحاشہ اور بے دریغ استعمال کر کے ریاست جموں کشمیر میں قبرستان کی خموشی نافذ کرنا چاہتی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کی جانب سے جموں میں 13جولائی اور جملہ شہداء کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر حریت رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ 13جوالائی 1931کو جس مقصد کے حصول کی خاطر 22فرزندانِ وطن نے جامِ شہادت نوش کیا تھا وہ مقصد آج بھی تشنہ تکمیل ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری وساری رہے گا جب تک کشمیری قوم کو جبرو استبداد اور غلامی سے نجات نہیں مل جاتی۔ حریت رہنما نے کہا کہ ریاست میں ظلم و زیادتی اور جبرو استبداد کے بد ترین ہتھکنڈے بروئے کار لا کر امن کے نام پر موت کی خاموشی قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فورسز آزادی پسند کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کو چن چن کر ٹارگٹ بنا کر کشمیری قوم کی نسل کشی کر رہی ہے۔ ممتاز علماء دین مولانا خورشید عالم اور مولانا حفیظ قادری نے کہا کہ جب سے ریاست میں آر ایس ایس کی سرپرستی والی پی ڈی پی۔ بی جے پی سرکار قائم ہوئی ہے، فرقہ پرست عناصر مسلمانان جموں کو طرح طرح سے نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے بھارت کی طرح جموں کشمیر میں بھی گاؤ رکھشکوں کا دور دورہ ہے ۔انہوں نے کہا آج جموں کا مسلمان خوفزدہ اور سہما ہوا ہے۔ انہوں نے اتحاد البین مسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امت کے ہر فرد کو اس وقت مکاتبِ فکر اور مسلکی اختلافات کو بھول کر اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کرنا چاہیے۔انہوں نے نئی دہلی کو خبردار کیا کہ اگر اس نے بھارت کے طول و عرض میں مسلمانوں کے خلاف کئے جا رہے منظم حملوں کو فوری طور روکنے کے اقدامات نہیں کئے تو اس کے نہایت تباہ کن نتائج بر آمد ہوں گے۔پیپلز مومنٹ لیڈرعبدالحمید خان نے کہا کہ جموں کشمیر میں ظلم و زیادتی اور جبر واستبد اد کی ساری حدیں پار کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا 13جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہو گا کہ ہم اس عظیم مقصد کے حصول کی خاطر اپنی پر امن جدو جہد جاری رکھیں جس کو شہداء نے اپنے گرم گرم لہو سے سینچا ہے۔