یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے بلیا میں واقع جے پرکاش نارائن برڈسینکچری (سرہا تال) کو ہندوستان کے 100 ویں رامسر مقام کے طور پر منظوری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی دلدلی زمینوں اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے تئیں ہماری عہد بستگی کا ثبوت ہے مسٹر مودی نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کو سوشل میڈیا ‘ایکس پر لکھا کہ سرہا تال حیاتیاتی تنوع ، خاص طور پر پرندوں کی اقسام کے لحاظ سے ایک انتہائی مالامال آبی زمین ہے، جہاں بڑی تعداد میں مہاجر اور مقامی پرندے آتے ہیں۔ اس کامیابی سے ہندوستان کی دلدلی زمینوں کے تحفظ کی کوششوں کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان ملی ہے۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں جو اس جھیل کی خوبصورتی کو ظاہر کر رہی ہیں۔مودی نے جمعہ کے روز عالمی یومِ ماحولیات (ورلڈ انوائرمنٹ ڈے) پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے نئے سرے سے عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دہائی کے دوران ہندوستان میں ہریالی بڑھانے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی۔ مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں کہا، “عالمی یومِ ماحولیات پر سب کو نیک خواہشات۔ میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے پرجوش تمام لوگوں کی ستائش کرنا چاہتا ہوں۔ یہ دن ہمارے ماحولیات کی حفاظت کرنے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے ہمارے عزم کو دہرانے کا ہے”۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں مرکز کے اقدامات ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے تئیں حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، “گزشتہ دہائی میں ہماری حکومت کی کثیر جہتی کوششیں اس سمت ہمارے کام کو اجاگر کرتی ہیں۔ ہندوستان کی کچھ اہم کامیابیوں میں گرین کور (ہریالی کے دائرے) کی توسیع اور کئی جانوروں کی آبادی میں ہونے والا اضافہ شامل ہے”۔انہوں نے ماحولیات کے تحفظ میں عوامی شمولیت کے کردار پر زور دیتے ہوئے اجتماعی کوششوں اور جدت طرازی کے ذریعے مثبت ماحولیاتی نتائج لانے میں شہریوں کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا، “ہندوستان کے لوگوں نے یہ دکھا دیا ہے کہ کس طرح اجتماعی کوششیں، پالیسیاں، سائنس پر بھروسہ اور جدت طرازی ہمارے ماحول کو بہتر بنا سکتی ہے”۔