یو این آئی
رائے پور// چھتیس گڑھ میں 21 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ یو جی-2026 کے دوبارہ امتحان کے پُرامن، منظم اور محفوظ انعقاد کے لیے چیف سیکریٹری وکاس شیل نے تمام ضلعی کلکٹروں اور پولیس سپرنٹنڈنٹس (ایس پی) کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری تمام رہنما اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔جمعہ کو مہاندی بھون میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ جائزہ اجلاس میں چیف سیکریٹری نے افسران کو امتحانی مراکز کا پیشگی معائنہ کرنے اور تمام انتظامات کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ 21 جون کو بین الاقوامی یومِ یوگا بھی منایا جائے گا، اس لیے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یوگا ڈے کی سرگرمیوں کا امتحان کے انعقاد پر کسی قسم کا منفی اثر نہ پڑے۔انہوں نے امیدواروں کی امتحانی مراکز تک آسان رسائی، ٹریفک انتظامات، سیکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ ضلعی تعلیمی افسران اور چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسرز کی مشترکہ ٹیموں کے ذریعے امیدواروں کی کونسلنگ کرنے اور انہیں امتحان سے متعلق غیر ضروری ذہنی دباؤ سے آزاد رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔چیف سیکریٹری نے 20 جون کو امتحانی انتظامات کی مَوک ڈرل منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تیاری پہلے سے مکمل کر لی جائے۔