سرنکوٹ// سرنکوٹ صدر مقا م سے 7کلو میٹر دور تڑا موڑ گائوں میں گزشتہ بر س شدید بارش کے دوران آئی پسی کی وجہ سے محمد بشیر ولد سائیں حسین کا 4کمروں پر مشتمل رہائشی مکان منہدم ہو گیا تھا تاہم اس کے بعد متاثرین امداد کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی شنوائی ہی نہیں ہوئی ۔متاثرہ مکان مالک نے بتایا کہ وہ غریبی کی وجہ سے رہائشی مکان کی تعمیر نہیں کروا سکا جبکہ ریلیف کیلئے گزشتہ ایک برس سے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ رہا ہے لیکن کسی بھی جانب سے کوئی ریلیف نہیں دی گئی ۔غور طلب ہے کہ رہائشی مکان منہدم ہونے کے بعد متاثرین کے پاس رہائش کیلئے بھی کوئی معقول جگہ دستیاب نہیں ہے ۔متاثرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ فائل مکمل کرنے کے بعد سرکاری دفاتر سے صرف طفیل تسلیاں ہی دی جارہی ہیں جبکہ عملی بنیادوں پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ۔غریب محمد بشیر نے بتایا کہ اس نے محنت و مشقت کر کے ایک رہائشی مکان تعمیر کیا تھا لیکن علاقہ میں ہوئی شدید بارش کے بعد مذکورہ مکان پسی میں زد میں آکر تباہ ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے امداد بھی نہیں دی گئی ۔متاثرین نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ رہائشی مکان از سر نو تعمیر کر سکیں ۔