جموں//بین الاقوامی سرحد پر رام گڑھ سیکٹر میں بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف)اور پاکستانی رینجرز کے درمیان کمانڈنٹ ونگ کمانڈر سطح کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب گزشتہ دنوں ہی حد متارکہ پر پائی جارہی کشیدہ صورتحال کے باوجود پونچھ راولاکوٹ راہداری پوائنٹ پربھی ایسی ہی ایک میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔بی ایس ایف کے ترجمان منوج یادو کے مطابق پاکستانی رینجرز کی درخواست پر یہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بی ایس ایف وفد کی قیادت ایم کے یادو کمانڈنٹ جبکہ پاکستانی رینجرز کی قیادت ونگ کمانڈرمہران کررہے تھے ۔ ترجمان نے بتایاکہ تیس منٹ تک چلنے والی اس میٹنگ میں دونوں طرف سے بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ ، سرحد پر مشکوک افراد کی موجودگی اور سرحدی انتظامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ قبل ازیں ونگ کمانڈروں کی ایک میٹنگ مڑھ گجنسو میں بھی منعقد ہوچکی ہے جس میں بھی ایسے ہی معاملات پر تبادلہ کیاگیا۔حکومت ہند کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران رواں برس جنگ بندی معاہدے کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ہوئیں اور ابتدائی سات ماہ میں 52افراد ہلاک ہوئے جبکہ 232افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت کے مطابق 1ہزار435مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں ۔